جب محض 4 گیندوں پر بنے 92 رنز

Apr 13, 2017 10:55 PM IST | Updated on: Apr 13, 2017 10:55 PM IST

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی لیگ کرکٹ کے ایک میچ میں ایک بولر نے ’بری امپائرنگ کے خلاف احتجاجا ایسی بولنگ کرائی کہ اس نے قانونی طور پر صرف چار گیندوں پر بانوے رنز دیے۔ ان بانوے رنز کو اپنی ہی نوعیت کا ایک نیا ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں انتہائی مقبول کرکٹ کے کھیل میں کسی کھلاڑی کے احتجاج کی وجہ سے بننے والے اس انتہائی منفرد ریکارڈ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ڈھاکہ سے نیوز ایجنسی رائٹر نے بدھ بارہ اپریل کو لکھا کہ یہ ’’انہونی‘‘ بنگلہ دیشی راجدھانی میں سیکنڈ ڈویژن کرکٹ لیگ کے ایک میچ کے دوران دیکھنے میں آئی۔

یہ میچ ڈھاکہ کے لال متیا کلب اور ایکسیوم کرکٹرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا جا رہا تھا۔ اس میچ میں لال متیا کلب کے بولر سُوجون محمود نے قانونی طور پر جائز ڈلیوری قرار دی جانے والی صرف چار گیندوں پر 92 رنز دیے۔ یہ علیحدہ بات ہے کہ ان چار گیندوں کے دوران محمود کی بار بار کی جانے والی نو بال اور وائیڈ قرار دی جانے والی گیندیں گراؤنڈ کے اندر جگہ جگہ گرتی اور کئی بار باؤنڈری کے پار جاتی دکھائی دیں۔

جب محض 4 گیندوں پر بنے 92 رنز

Representational image. (Getty Images)

رائٹر کے مطابق اس بولر نے اپنی ٹیم کی طرف سے بولنگ کراتے ہوئے درست قرار دی گئی صرف چار گیندوں کے دوران 15 نوبال اور 13 وائیڈ بال کرائے اور ایسی ہر وائیڈ بال باؤنڈری پار کر جانے کی وجہ سے چار رنز کا سبب بنی۔ اس کے علاوہ محمود نے اپنی چار قانونی ڈلیوریز پر بھی 12 رنز دیے، جس کے نتیجے میں ایکسیوم کی حریف ٹیم نے یہ میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس سے قبل لال متیا کلب کی پوری ٹیم اس لیگ میچ میں محض 88 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

یہ میچ منگل کو کھیلا گیا تھا اور اس میں محمود اور ان کی ٹیم کے مطابق امپائر نے لال متیا کلب کو زبردستی پہلے بیٹنگ پر مجبور کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ امپائرز کے کئی فیصلے بھی، جو مبینہ طور پر یا تو قطعی غلط یا انتہائی مشکوک تھے، اس ٹیم کے خلاف گئے۔ بعد میں لال متیا کلب کے سیکرٹری جنرل عدنان رحمان سیپون نے اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کو بتایا کہ یہ ’تباہ کن امپائرنگ‘ اسی وقت شروع ہو گئی تھی، جب میچ کے لیے ٹاس کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ’ہماری ٹیم کے کپتان کو ٹاس کے لیے استعمال ہونے والا سکہ دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ پھر ہمیں زبردستی پہلے بیٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا۔ رہی سہی کسر ہمارے خلاف امپائروں کے فیصلوں نے پوری کر دی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز