عامر خان نے فلم دنگل کی اداکارہ زائرہ وسیم سے کہا: تم میرے لئے رول ماڈل ہو

نئی دہلی۔ بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے دنگل فلم میں اداکاری کرنے والی زائرہ وسیم کے فیس بک پر معافی مانگنے کے بعد اس کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

Jan 17, 2017 11:12 PM IST | Updated on: Jan 17, 2017 11:12 PM IST

نئی دہلی۔  بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے دنگل فلم میں اداکاری کرنے والی زائرہ وسیم کے فیس بک پر معافی مانگنے کے بعد اس کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ زائرہ کے جموں کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کرنے پر انہیں سوشل میڈیا میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ میڈیا کو بیان جاری کرکے عامر نے کہا کہ زائرہ ان کے لئے مثالی شخصیت ہیں اور ان کے جیسے لائق اور محنتی بچے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے بچوں کے لئے مثال ہیں۔ زائرہ نے دنگل میں گیتا پھوگاٹ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ عامر اس کے باپ بنے ہوئے تھے۔ عامر نے کہا ’’میں نے زائرہ کا بیان پڑھا ہے اور میں سمجھ سکتا ہوں کہ انہیں کیوں ایسا کرنا پڑا۔ زائرہ میں چاہتا ہوں کہ تم جانو کہ ہم سب تمہارے ساتھ ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ تم جیسی ذہین نوجوان لائق، محنتی، قابل احترام اور بہادر بچے تمام بچوں کے لئے مثالی کردار ہیں ، نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے لئے۔ تم میرے لئے ایک رول ماڈل ہو۔ میں تمہارے لئے دعا گو ہوں۔ عامر‘‘۔

زائرہ نے محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اپنی تصاویر فیس بک پر ڈال دی تھیں، جس کے لئے انہیں ہدف ملامت بنایا گیا اور بے حد نکتہ چینی کی گئی، دھمکیاں بھی دی گئیں جس کے بعد انہوں نے معافی مانگ لی۔ فیس بک پر معافی سامنے آنے سے سب کو دھکا لگا ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ انہیں مجبور ہوکر محبوبہ مفتی سے ملاقات کے لئے معافی مانگنی پڑی ہے۔

عامر خان نے فلم دنگل کی اداکارہ زائرہ وسیم سے کہا: تم میرے لئے رول ماڈل ہو

انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا ’’میں سرعام معافی مانگتی ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ بہت سے لوگ میری حرکت اور لوگوں سے ملاقات کرنے سے خفا ہیں اور ناخوش ہیں۔ میں ان کے جذبات کو سمجھتی ہوں۔ خصوصاً پچھلے 6 ماہ کے دوران جو کچھ ہوا ہے اس کی وجہ سے‘‘۔

بعد ازاں بالی وڈ کی کئی شخصیات اور پہلوان گیتا پھوگاٹ نے ان کی حمایت کا اظہار کیا۔

Loading...

’دنگل گرل‘ کی حمایت کرنے والوں میں سینئر اداکار انوپم کھیر، نغمہ نگار جاوید اختر، کوریو گرافر فرح خان، گلوکار سونونگم اور فلمساز اشوک پنڈت شامل ہیں۔

انوپم کھیر نے کہا ’ڈیئر زائرہ تمہاری معافی پر افسوس ہے مگر یہ بہادری کی نشانی بھی ہے۔ اس سے ان لوگوں کی بزدلی ظاہر ہوتی ہے جنہوں نے تمہیں یہ لکھنے پر مجبور کیا مگر تم ہمارے لئے مثالی شخصیت ہو‘۔ نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا ’جو چھتوں پر چڑھ کر آزادی کا نعرہ لگاتے ہیں، وہ دوسروں کو ذرہ برابر بھی آزادی نہیں دیتے۔ بیچاری زائرہ کو اپنی کامیابی کے لئے معافی مانگنی پڑی۔ بڑے شرم کی بات ہے‘۔ گلوکار سونونگم نے کہا ’خدا اس دنیا کو عقل دے اور لوگ مذہب سے بالا ہوکر انسانیت کے منظر میں سوچیں اور سمجھیں‘۔

اداکار پوجا بیدی نے کہا ’16 سال کی زائرہ کو کیوں معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا، ایک بچہ کو کیوں دھمکایا گیا، ہم کس عہد میں جی رہے ہیں‘۔

فلمساز اشوک پنڈت نے لکھا ’یہ بڑی شرمناک بات ہے۔ اس لڑکی نے جو کچھ حاصل کیا ہے اسے کوئی چھین نہیں سکتا۔ کشمیر کے کچھ عناصر یا حریت کانفرنس جو بھی کہے اس سے کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ پوری فلمی صنعت اور پورا ملک اس کے ساتھ ہے۔ یہ مقامی کشمیریوں اور سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ زائرہ کا ساتھ دیں اور اسے بتادیں کہ وہ جو چاہے کرے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ حکومت کو بھی اس کا ساتھ دینا چاہیے‘۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز