امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے ایوارڈ جیتنے پر ٹوئیٹ کرکے دی مبارک باد، بعد میں ہٹایا

Feb 28, 2017 02:41 PM IST | Updated on: Feb 28, 2017 02:41 PM IST

واشنگٹن۔  امریکی وزارت خارجہ نے ممتاز ایرانی فلمی ہدایت کار کے آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا مگر بعد میں اسے ٹوئیٹر سے ہٹالیا گیا۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکی آمد پر جو پابندیاں لگائی ہیں ایرانی ڈائریکٹر نے اس کے خلاف احتجاج میں ایوارڈ کا بائیکاٹ کیا ہے ۔ انہوں نے اس پابندی کو غیر انسانی قرار دیا۔

امریکی وزارت خارجہ کے فارسی زبان کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ (USA dar Farsi)پر ایرانی عوام اور سیلزمین فلم کے ڈائریکٹر اصغر فرہادی کو مبارک باددی تھی۔ جنہیں بہترین غیر ملکی فلم کا ایوارڈ ملا ہے۔ فرہادی نے ایوارڈ لینے کے لئے اپنی جگہ دو ایرانی امریکیوں کو بھیجا ان میں سے ایک خاتون انجینئر انوشے انصاری سابق ناسا سائنس داں ہیں اور خلا میں جانے والی پہلی خاتون خلائی سیاح ہیں۔ انہوں نے فرہادی کا بیان پڑھا جس میں ایران اور دیگر چھ ممالک کے شہریوں پر لگائی گئی سفر کی پابندی کو غیر انسانی قرار دیا گیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے ایوارڈ جیتنے پر ٹوئیٹ کرکے دی مبارک باد، بعد میں ہٹایا

انہوں نے کہا دنیا کو ہم اور ہمارے دشمن کے زمروں میں بانٹنے سے خوف پیدا ہوتا ہے۔ نیز جارحیت اور جنگ کو درست قرار دے کر دھوکہ دیا جاتا ہے۔ پہلے فرہادی کو ایوارڈ پر مبارک باد دی گئی بعد میں اسے ہٹادیا گیا۔ یہ ایران کا دوسرا آسکر ایوارڈتھا۔ بعد میں وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا مبارک باد کا ٹوئیٹ کیا گیا تھا مگر بعد میں ہم نے اس لئے اسے ہٹا دیا تاکہ یہ غلط فہمی نہ ہو کہ ایوارڈ لیتے وقت تقریر میں جو رائے زنی کی گئی ہے ہم اس کو تسلیم کرتے ہیں۔ امریکہ میں فارسی کا یہ اکاؤنٹ فروری 2011 میں ایرانیوں سے براہ راست رابطہ کےلئے شروع کیا گیا تھا۔

سیلزمین فلم کے بارے میں 24 جنوری کو بھی پیغام دیا گیا تھا جب فلم ایوارڈ کے لئے نامزد ہوئی تھی اور فرہادی کو نیک تمنائیں دی گئی ہیں۔ اس وقت ٹرمپ نے سفر کی پابندی بھی نہیں لگائی تھی جس پر فرہادی نے نکتہ چینی کی ہے۔ فرہادی کو 2012 میں بھی آسکر ملا تھا یہ انہیں فلم اے سیپریشن کے لئے ملا تھا اس وقت ایوارڈ لیتے وقت فرہادی نے ایران اور امریکہ کے درمیان ایٹمی پروگرام پر کشیدگی کا حوالہ دیا تھا اور کہا تھا کہ ایرانی عوام دشمنی اور ناراضگی کو پسند نہیں کرتے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز