برطانیہ کے شمالی شہر مانچیسٹر میں بم دھماکہ ،19افراد ہلاک

May 23, 2017 09:10 AM IST | Updated on: May 23, 2017 09:28 AM IST

مانچیسٹر۔  برطانیہ کے شمالی شہر مانچیسٹر میں امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈے کے ایک پروگرام کے دوران ہوئے بم دھماکہ میں 19 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے ۔ مانچیسٹرپولیس نے ٹوئیٹ کرکے بتایا کہ اس بم دھماکہ میں 19 افراد کے ہلاک اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ بی بی سی اور اسکائی نیوز کے مطابق مقامی پولیس اس بم دھماکہ کو ایک دہشت گردانہ حملہ تصور کررہی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق انھوں نے ایک زور دار آواز سنی۔

گریٹر مانچیسٹر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انھیں شب دس بجکر 35 منٹ پر امریکی سنگر ایریانا گرینڈے کے کنسرٹ کے مقام سے دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔ غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق دو نامعلوم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ خودکش بمبار نے کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کنسرٹ کے مقام کے بیرونی طرف ہوا۔ جائےوقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ قریبی ٹرین ا سٹیشن، مانچیسٹر وکٹوریہ ا سٹیشن بند کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق حکام اس واقعے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد مقامی وقت کے مطابق شب ایک بجکر 32 منٹ پر کیتھڈرل گارڈن میں ایک کنٹرولڈ دھماکہ بھی کیا تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ وہاں کوئی مشتبہ چیز موجود نہیں تھی۔ وزیراعظم ٹریزامے نے اس کارروائی کو قابل نفرت قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی انتخابی مہم کو بھی معطل کر دیا ہے۔ کنسرٹ میں امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق وہ خیریت سے ہیں۔

برطانیہ کے شمالی شہر مانچیسٹر میں بم دھماکہ ،19افراد ہلاک

رائٹرز

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز