پاکستان میں سی پیک پروجیکٹ سے وابستہ مزدوروں پر حملہ، 10 ہلاک

May 13, 2017 09:11 PM IST | Updated on: May 13, 2017 09:11 PM IST

کوئٹہ ۔ جنوب مغربی پاکستان کے بلوچستان صوبہ کے گوادر شہر سے کچھ دور واقع پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کوریڈور سے وابستہ پروجیکٹ پر کام کرنے والے دس مزدوروں کو آج گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ گوادر کے علاقے پشگان میں سڑک پر ہونے والے تعمیراتی کام پر مامور مزدوروں پر کی گئی جس کے نتیجے میں 8 مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو نے راستے میں دم توڑا۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس واقعے میں 8 مزدوروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ حکام کے مطابق مزدور ایک سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ہلاک ہونے والے مزدوروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کیا گیا جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کسی گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی گئی۔ مقتولین کا تعلق سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز سے ہے۔ واقعے کے بعد فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ گوادر میں یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وزیراعظم پاکستان نواز شریف چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ چین کے دورے پر موجود ہیں۔

پاکستان میں سی پیک پروجیکٹ سے وابستہ مزدوروں پر حملہ، 10 ہلاک

گوادر پورٹ، فائل فوٹو: رائٹرز

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے شہر مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سمیت 42 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پاکستان اور چین کے درمیان جاری چائنا پاکستان اقتصادی راہدری میں گوادر کا انتہاہی اہم کردار ہے کیوں کہ چین سے آنے والا تمام سامان گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے ہی وسطی ایشیائی ممالک اور یورپ تک پہنچایا جائے گا۔ سی پیک کے درجنوں منصوبے بلوچستان میں جاری ہیں اور بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں جبکہ شدت پسند اس منصوبے کی مخالفت کررہے ہیں۔

چین سی پیک منصوبوں پر تقریباً 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز