پاکستان : صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پرخودکش بم دھماکہ ، 50 افراد ہلاک

Feb 16, 2017 09:47 PM IST | Updated on: Feb 16, 2017 09:47 PM IST

سیہون : پاکستان کے دوسرے بڑے صوبہ سندھ میں واقع قصبے سیہون شریف میں صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر جمعرات کی شب خودکش بم دھماکا ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں کم سے کم پچاس افراد جاں بحق اور ایک سو زخمی ہوگئے ہیں۔ اس تباہ خودکش بم دھماکے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔سیہون شریف کے تعلقہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے بم دھماکے میں پچاس ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان کے ہاں 100زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزار کے گدّی نشین نے بتایا ہے کہ بم دھماکے میں 45 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے اس واقعے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو مقامی اسپتالوں کے علاوہ نزدیک واقع شہر جامشورو میں لیاقت میڈیکل کمپلیکس میں بھی منتقل کیا جارہا ہے۔علاقے کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔سیہون کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) نے بتایا ہے کہ حملہ آور بمبار مزار کے سنہرے دروازے سے اندر داخل ہوا تھا۔اس نے پہلے ایک دستی بم پھینکا تھا اور وہ نہیں پھٹا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔

پاکستان : صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پرخودکش بم دھماکہ ، 50 افراد ہلاک

اطلاعات کے مطابق نماز مغرب کے وقت بم دھماکا مزار کے احاطے میں اس جگہ ہوا ہے جہاں دھمال ڈالی جارہی تھی۔ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر جمعرات کو زائرین کا بہت رش ہوتا ہے۔دریائے سندھ کے کنارے آباد سیہون شریف ضلع جامشورو میں واقع ہے اور یہ صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا انتخابی حلقہ ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں تعینات فوجی افسروں کو بم دھماکے کے بعد سول حکام کو فوری مدد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔پاک آرمی کے دستے اور امدادی ٹیمیں سیہون شریف کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔ صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں واقع کمبائنڈ ملٹری اسپتال کو بھی زخمیوں کی منتقلی کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز