بھوپال میں ممتاز ادیب و شاعر نسیم انصاری کے فکر و فن پر کل ہند سیمینار کا انعقاد

Oct 09, 2017 07:53 PM IST | Updated on: Oct 09, 2017 07:53 PM IST

بھوپال۔ منشی حسین خان ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام بھوپال میں کل ہند سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ نسیم انصاری حیات و خدمات کے عنوان سے منعقدہ کل ہند سمینار میں ملک کے ممتاز دانشوروں نے شرکت کی اور نسیم انصاری کی ادبی و سماجی خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ نسیم انصاری کا شمار مدھیہ پردیش کے ممتاز ادیبوں میں ہوتا تھا۔ نسیم انصاری کی ولادت بھوپال میں ہوئی۔ نسیم انصاری نے پانچویں درجے تک کی تعلیم بھوپال سے اور اس کے بعد دسویں جماعت تک کی تعلیم بیرسیہ سے حاصل کی ۔ اس کے بعد اعلی تعلیم نسیم انصاری نے بھوپال سے حاصل کی۔ نسیم انصاری نے بھوپال کے سیفیہ ڈگری کالج سے بی ایڈ اور لاء کی ڈگری حاصل کی۔

تحصیل علم کے بعد نسیم انصاری نے سماجی خدمت شروع کی اور اپنے رفقا کے ساتھ مل کر مسلم ویلفیئرسو سائٹی قائم کی اوراسی کے زیراہتمام منشی حسین خان ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ قائم کیا اور وہ وقت بھی آیا جب نسیم انصاری اس ادارے کے چیئرمین بھی بنے۔ منشی حسین خان ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ موجودہ  دور میں مدھیہ پردیش کا سب سے بڑا پرائیوٹ آئی ٹی آئی ہے۔ نسیم انصاری نےجہاں سماج میں سماجی خدمات سے اپنا مقام بنایا  وہیں انہوں نے ادبی خدمات سے بھی ایک جہاں کو منور کیا ۔

بھوپال میں ممتاز ادیب و شاعر نسیم انصاری کے فکر و فن پر کل ہند سیمینار کا انعقاد

منشی حسین خان ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام نسیم انصاری کی برسی کے موقع پر منعقدہ سمینارمیں مقالہ نگاروں نے ان کی صحافتی خدمات کے ساتھ ہی ان کی شاعری اور ان کی نظم نگاری پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مقالہ نگاروں نے نسیم انصاری کی نظم نگاری کو اختر الایمان کی نظم نگاری کے اسلوب کی توسیع قرار دیا۔ ایک روزہ سمینار سے قبل ادارے کے ملازمین اور طلبا نے نسیم انصاری کے ایصال ثواب کے لئے قرانی خوانی کی۔ نسیم انصاری نے نثر و نظم میں بہت کچھ لکھا ہے لیکن اب تک ان کی تخلیقات کی جو کتابیں منظرعام پر آئی ہیں، ان میں نظموں کا مجموعہ  ’خواب تو جزیرے ہیں‘ غزلوں کا مجموعہ ’ درد آشنا‘ اور نثری مضامین کا مجموعہ ’ دیدہ و دانستہ ‘ کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔ نسیم انصاری کی جو تحریریں ابھی تک شائع نہیں ہوئی ہیں ادارے نے انہیں جلد سے جلد شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز