مدھیہ پردیش میں آر ایس ایس سے مقابلہ کیلئے کانگریس لیڈر نے بنایا آر سی ایس ایس

Mar 29, 2017 06:59 PM IST | Updated on: Mar 29, 2017 06:59 PM IST

بھوپال : بہار کے بعد مدھیہ پردیش میں بھی بی جے پی کو کراڑا جواب دینے کے لئے آر ایس ایس (آر ایس ایس) کی طرز پر تنظیم بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس تنظیم کا نام راشٹریہ کانگریس سویم سیوک سنگھ (آر سی ایس ایس ) ہوگا۔ اس تنظیم سے ان لوگوں کو وابستہ کیا جائے گا، جو کانگریس کے نظریے کے حامی ہیں۔

سابق بین الاقوامی ہاکی کھلاڑی اور کانگریس کے سینئر لیڈر اسلم شیر خان نے دارالحکومت بھوپال میں بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ آر ایس ایس نے پورے ملک میں اپنا دائرہ پھیلارکھا ہے اور وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے کام کرتا ہے، مگر ہماری تنظیم (آر سی ایس ایس ) سیکولر لوگوں کی تنظیم ہوگی اور اصل میں یہ ملک کی آر ایس ایس ہوگی ۔

مدھیہ پردیش میں آر ایس ایس سے مقابلہ کیلئے کانگریس لیڈر نے بنایا آر سی ایس ایس

اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ اتر پردیش میں جس طرح سیکولر سیاست کا خاتمہ ہوا ہے، اس بات کو ذہن میں رکھ کر یہ تنظیم بنائی جارہی ہے۔ یہ تنظیم سیکولر نظریات کو بڑھانے کیلئے ٹھیک ویسے ہی کام کرے گی ، جیسے آر ایس ایس بی جے پی کے لئے کام کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیکولر سیاست کا خاتمہ اتر پردیش سے ہوا ہے، تو ضرور ی ہے کہ ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے۔ یہ ایسی تنظیم ہوگی، جس میں یہ ضروری نہیں ہے کہ کوئی شخص اس کے پلیٹ فارم پر آکر کام کرے۔ صرف وہ سیکولر نظریہ یعنی کانگریس کے نظریات کو ماننے والا ہونا چاہئے، وہ جہاں ہے (جیسے استاد، ڈاکٹر، نوکری پیشہ وغیرہ)، وہیں رہ کر اس نظریے کے لئے کام کر سکتا ہے۔

خان نے فی الحال اس معاملہ میں پارٹی ہائی کمان سے تبادلہ خیال نہیں کیا ہے، مگر ان کا ماننا ہے کہ ان کے اس قدم سے ہائی کمان کافی خوش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا ہمہ جہت کا کام ہے، جس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ فی الحال اس کے کام کے دائرہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ رہے گا۔

خیال رہے کہ بہار کے وزیر صحت تیج پرتاپ یادو نے آر ایس ایس کی طرز پر بہار میں سیکولر سیوک سنگھ (ڈی ایس ایس )کی تشکیل کی ہے۔ راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد کے بیٹے تیج پرتاپ نے منگل کو نئی تنظیم کا اعلان کیا اور ڈی ایس ایس کو قومی سطح پر وسعت دینے کی بات بھی کہی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز