ممبئی کی طرح حج کمیٹی کی طرف سے دیگر ریاستوں میں بھی شروع کی جائے گی سول سروسیز کوچنگ

May 11, 2017 11:30 PM IST | Updated on: May 11, 2017 11:30 PM IST

بھوپال : حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی کی طرز پر ملک کی مختلف ریاستوں میں سول سروسیز کی کوچنگ شروع کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار حج کمیٹی آف انڈیا سینٹرل زون کے رکن حاجی عنایت حسین قریشی نے ای ٹی وی سے ایک خاص بات چیت میں کی ۔ خیال رہے کہ ممبئی میں واقع حج کمیٹی آف انڈیا کی بلڈنگ میں گزشتہ کئی سالوں سے اقلیتی طلبہ کے لیے سول سروسیز کی کوچنگ چلائی جا رہی ہے ۔اس کوچنگ کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اوراس کوچنگ سےتعلیم حاصل کرکے کئی طلبہ نے سول سروسیز کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔

تاہم جب اس کوچنگ کے بند ہونے کی خبر ای ٹی وی کے ذریعہ نشر کی گئی تو ملک بھرکی اقلیتوں میں بے چینی محسوس کی جانے لگی ۔ کوچنگ کے بند کیے جانے کے تعلق سے جب ای ٹی وی حج کمیٹی آف انڈیا کے سینٹرل زون کے رکن حاجی عنایت حسین قریشی سے بات کی ، تو انہوں نے یقین دلایا کی کوچنگ بند نہیں ہوگی ، بلکہ حج کمیٹی کا نظام وزارت خارجہ سے وزارت اقلیتی بہبود ٹرانسفر ہونے سے کوچنگ کے اخراجات کی بابت ایسی خبر منظر عام پر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کو 25 لاکھ سے اوپر کےاخراجات کے لیے وزارات سے اجازت لینی ہوتی ہے ، جس کے لئے وزارت اقلیتی بہبود کو خط بھیجا جا چکا ہے۔

ممبئی کی طرح حج کمیٹی کی طرف سے دیگر ریاستوں میں بھی شروع کی جائے گی سول سروسیز کوچنگ

حاجی عنایت حسین قریشی حج کمیٹی آف انڈیا کے سینٹرل زون کے رکن کے ساتھ مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی سابقہ میٹنگ میں ایسی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں ، جن کی رو سے مدھیہ پردیش کے علاوہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے حج ہاؤسوں میں بھی بہت جلد سول سروسیز کی کوچنگ شروع کی جائیں گی ۔ تاکہ ممبئی کی طرح دیگر ریاستوں کے طلبہ بھی مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے تیاریاں کرسکیں ۔

حاجی عنایت حسین قریشی کا کہنا کہ وزارت سے اجازت ملنے کے بعد ہی ممبئی کوچنگ شروع کی گئی تھی ، لیکن پہلے حج کمیٹی کا انتظام وزارت خارجہ کے تحت تھا اور اب حج کمیٹی وزارت اقلیتی بہبود کے تحت کام کرتی ہے ۔ وزارت بدلنے اور اجازت نامہ کیلئے تاخیر سے خط جانے کی وجہ سے کوچنگ کے بند ہونے جیسی باتیں سامنے آئی تھیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز