رانچی کے اٹکی میں فاطمہ گرلس اکیٹمی کا مسلم طالبات کو تعلیم دلانے میں اہم رول

Mar 08, 2017 11:24 AM IST | Updated on: Mar 08, 2017 11:25 AM IST

رانچی۔ رانچی کے اٹکی نامی دیہی علاقہ میں قائم فاطمہ گرلس اکیٹمی مسلم طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ اس ادارہ میں سینکڑوں کی تعداد میں طالبات کو مہذب ماحول میں دینی و دنیاوی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں انہیں خود کفیل بنانے کے مقصد سے جلد ہی ووکیشنل کورس کی شروعات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ رانچی سے تقریباً 25 کیلومیٹر دور اٹکی نامی علاقہ میں فاطمہ گرلس اکیڈمی قائم ہے۔ خالص دیہی علاقہ میں واقع اس ادارہ کی عالیشان عمارت میں پانچ سو سے زائد طالبات مہذب ماحول میں دینی و دنیاوی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اس ادارہ میں درجہ نرسری سے دسویں جماعت تک کی تعلیم کا نظم ہے۔

واضح رہے کہ سنہ 1998 میں محض 17 طالبات سے اس ادارہ کی شروعات کی گئی تھی ۔ موجودہ وقت میں اس ادارہ میں ریاست کے مختلف علاقوں کی پانچ سو سے زائد طالبات دینی و دنیاوی تعلیم حاصل کر رہی ہیں ۔ ان میں تقریباً تین سو طالبات کے لئے ہاسٹل کا بھی انتظام ہے ۔ تقریباً 17 اساتذہ کرام ان طالبات کی تعلیمی تشنگی کو پوری کرنے میں پیش پیش ہیں۔منتظمین کے مطابق اس ادارہ میں کئی غریب و یتیم طالبات کے لئے مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ طعام و قیام کا بھی انتظام ہے۔ طالبات کھیل کود اور ثقافتی پروگرام میں بھی بڑھ چڑھ  کر حصہ لیتی ہیں۔ ادارہ کے احاطہ میں اسلامی ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے قائم تین منزلہ عمارت میں جلد ہی ووکیشنل کورس کی شروعات کرنے کا منصوبہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ریاست کی مسلم اقلیت کا تعلیمی معیار تشفی بخش نہیں ہے لیکن فاطمہ اکیڈمی جیسے چند ادارے اس معیار کو بلند کرنے میں پیش پیش ہیں۔

رانچی کے اٹکی میں فاطمہ گرلس اکیٹمی کا مسلم طالبات کو تعلیم دلانے میں اہم رول

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز