چارہ گھوٹالہ معاملے میں لالو پرساد یادو کی سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیشی

Jun 09, 2017 11:52 AM IST | Updated on: Jun 09, 2017 11:52 AM IST

رانچی : سپریم کورٹ کی ہدایت پر چارہ گھوٹالے سے منسلک دو معاملوں میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر اور بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو آج یہاں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت میں حاضر ہوئے۔ مسٹر یادو چارہ گھوٹالے کے معاملے 64 اے 96 میں سی بی آئی کے خصوصی جج شیو پال سنگھ کی خصوصی عدالت میں آج پیش ہوئے۔

یہ معاملہ دیوگھر ٹریزری سے 97 لاکھ روپئے کوغیر قانونی طور پر نکالنے کا ہے۔ مسٹر یادو چارہ گھوٹالے کے ایک اور کیس 45 اے 96 میں بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ یہ معاملہ ڈورڈاٹریزری سے 139 کروڑ 37 لاکھ روپے کی منظوری کا ہے۔ آر جے ڈی صدر مسٹر یادو کے علاوہ بہار کے وزیر اعلی ڈاکٹرجگنناتھ مشرا بھی چارہ گھوٹالے کے معاملے 64 اے 96 میں عدالت میں پیش ہوئے۔

چارہ گھوٹالہ معاملے میں لالو پرساد یادو کی سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیشی

file photo

عدالت نے انہیں اس معاملے میں ضمانت دے دی۔ عدالت سے نکلنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں مسٹر یادو نے کہا کہ کورٹ کی نوٹس پر وہ عدالت میں حاضر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کا مکمل احترام کرتے ہیں اور انہیں انصاف ملے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر یادو چارہ گھوٹالے کے ایک معاملے 20 اے 96 میں پہلے سے سزا یافتہ ہیں۔ یہ معاملہ چائیں باسہ ٹریزری سے غیر قانونی طور پر پیسے نکالنے کا ہے۔ مسٹر یادو چارہ گھوٹالوں کے معاملے میں فی الحال ضمانت پر ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز