آئی پی ایل کھلاڑی کے خلاف 27 سالہ لڑکی کو اغوا اورچھیڑ چھاڑ کرنے کا کیس درج

آئی پی ایل کھلاڑی موہنیش مشرا کے خلاف اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک لڑکی کو اغوا کرنے کا معاملہ درج ہوا ہے ۔

Sep 02, 2018 05:08 PM IST | Updated on: Sep 02, 2018 05:08 PM IST

آئی پی ایل کھلاڑی موہنیش مشرا کے خلاف اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک لڑکی کو اغوا کرنے کا معاملہ درج ہوا ہے ۔ متاثرہ لڑکی نے بھوپال کے ایم پی نگر تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں اس نے آشیش سنگھ نام کے ایک نوجوان اور اس کے پانچ دوستوں پر الزام لگایا ہے ، جس میں آئی پی ایل کھلاڑی موہنیش مشرا بھی شامل ہے۔

متاثرہ نے الزام لگایا ہے کہ ایم پی نگر علاقہ میں واقع ایک پرائیویٹ کوچنگ کلاس سے اس کو اغوا کیا گیا ، جس کے بعد اس کے ساتھ مار پیٹ کی گئی ۔ لڑکی نے آشیش اور اس کے دوستوں پر مار پیٹ کرنے اور چھیڑ چھاڑ کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔

آئی پی ایل کھلاڑی کے خلاف 27 سالہ لڑکی کو اغوا اورچھیڑ چھاڑ کرنے کا کیس درج

موہنیش مشرا ۔ فوٹو کریڈٹ : ٹویٹر ۔

پولیس کے مطابق کملا نگر تھانہ علاقہ میں رہنےو الی 27 سالہ لڑکی ایم پی نگر میں واقع ایک کوچنگ سینٹر میں اکاونٹینٹ ہے ۔ اس نے جمعہ کو تھانہ پہنچ کر شکایت درج کرائی تھی۔ لڑکی نے بتایا کہ وہ چھ سال سے ایم پی نگر میں وکرم سنگھ کے کوچنگ سینٹر میں اکاونٹ کا کام دیکھتی ہے ۔ وہ گزشتہ چار سال سے آشیش سنگھ کے مکان میں کرائے پر بھی رہتی ہے ۔ آشیش سے اس کی نزدیکی بھی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے آشیش اس پر شک کرنے لگا تھا ، وہ اس پر کوچنگ سینٹر میں ہی پڑھانے والے وکرم سنگھ سے افیئر ہونے کا الزام بھی لگانے لگا تھا ، جس کو لے کر آئے دن دونوں کے درمیان تنازع بھی ہوتا تھا ۔ جمعہ کو دوپہر میں وہ دفتر میں ہی تھی ، تبھی آشیش سنگھ نے فون کر کے اس کو کوچنگ سے باہر بلایا ۔ باہر نکلتے ہی آشیش نے اس کو کار کے اندر کھینچ لیا اور اس کا موبائل فون بھی چھین لیا ۔ غلط الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اس کا گلا دبانے کی کوشش کی ۔

آشیش کے ساتھ اس کے دوست موہنیش مشرا ، رنکو ، نتن ، مونو اور گولو عرف نشانت پروہت بھی تھے۔ آشیش کار چلاتے ہوئے ایم پی نگر میں واقع ریلوے ٹرین کے سامنے تک آیا ، اس کے بعد وہ لوگ اس کو وہاں کار میں چھوڑ کر کوچنگ کے دفتر میں گھس گئے اور سینٹر کے ٹیچر وکرم سنگھ کے ساتھ مار پیٹ کی۔ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے ملزمین کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔ فی الحال ابھی تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز