مدھیہ پردیش : جرنلزم اسٹوڈنٹ کی شکایت پر کانگریس ممبر اسمبلی کے خلاف آبروریزی کا کیس درج

Feb 02, 2018 12:36 PM IST | Updated on: Feb 02, 2018 12:36 PM IST

بھوپال : کانگریس رکن اسمبلی ہیمنت کٹارے کے خلاف یہاں پولیس نے ایک لڑکی کی شکایت پر عصمت دری کا معاملہ درج کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ لڑکی کی ماں کی شکایت پر رکن اسمبلی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف اغوا کا معاملہ بھی درج ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جیل میں بند لڑکی کی جیل سے باضابطہ طریقہ سے موصول تحریری شکایت کی بنیاد پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) دھرمیندر چودھری کی ہدایت پر کل رات خواتین تھانہ میں عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا۔

اس کے علاوہ بجریا تھانہ علاقہ میں رہنے والی لڑکی کی ماں کی ایک دیگر شکایت پر بجریا تھانہ میں رکن اسمبلی کٹارے اور ان کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف اغوا اور دھمکانے کا معاملہ درج ہوا ہے۔ ہیمنت کٹارے بھنڈ ضلع کے اٹیر سے کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں۔

مدھیہ پردیش : جرنلزم اسٹوڈنٹ کی شکایت پر کانگریس ممبر اسمبلی کے خلاف آبروریزی کا کیس درج

کانگریس رکن اسمبلی ہیمنت کٹارے

ذرائع نے بتایا کہ ہیمنت کٹارے نے کچھ وقت پہلے یہاں رہنے والی ایک لڑکی اور اس کے ساتھی وکرمجیت پر بلیک میل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ان کا الزام تھا کہ لڑکی اور اس کے ساتھی بلیک میل کرکے دو کروڑ کی مانگ کررہے ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے لڑکی کو ان سے پانچ لاکھ روپے لیتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا، جو اس وقت عدالتی حراست میں جیل میں ہے۔ ملزم وکرمجیت اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آیا ہے۔ اس سلسلہ میں کچھ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئے تھے۔

ذرائع نے کہاکہ لڑکی نے جیل سے ہی اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا خط جیل انتظامیہ کے ذریعہ باضابطہ طریقہ سے بھیجا ہے ۔ اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس کی رکن اسمبلی سے ملاقات ایک عوامی پروگرام میں ہوئی تھی۔اس کے بعد رکن اسمبلی سے اس کی کئی ملاقاتیں ہوئیں اور اس نے بعد میں اس کی عصمت دری بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کی شکایت پر کل رات خواتین تھانہ میں عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا۔

وہیں لڑکی کی ماں نے بھی ایک درخواست کے ساتھ پولیس حکام سے ملاقات کی اور الزام لگایا کہ کچھ وقت پہلے ہیمنت کٹارے اور اس کے ساتھیوں نے اس کا اغوا کرلیا اور ہتھیاروں کی نوک پر اپنے کچھ کاغذوں پر دستخط کرائے اور ان کے مطابق ہی اپنی بات کہنے پر مجبور کیا۔ اسی بنیاد پر بجریا تھانہ میں معاملہ درج ہوا ہے۔ڈی آئی جی دھرمیندر چودھری نے لڑکی کی شکایت پر عصمت دری کا معاملہ درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آگے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز