مدھیہ پردیش:ایک سال میں ساڑھے چار ہزار خواتین کی آبروریزی، یومیہ تین کسان موت کو لگا رہے ہیں گلے

Feb 27, 2017 09:28 PM IST | Updated on: Feb 27, 2017 09:28 PM IST

بھوپال : بی جے پی کی حکومت والی مدھیہ پردیش میں یکم فروری 2016 سے اب تک مجموعی طورپر چار ہزار 527 خواتین آبروریزی یا اجتماعی آبروریزی کا شکار ہوئی ہیں۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج کانگریس رکن اسمبلی رامنواس راوت کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ ٹھاکر نے یہ اطلاع دی۔ مسٹر ٹھاکر نے بتایا کہ ریاست میں یکم فروری 2016 سے 30 جون تک ایک ہزار 868 خواتین آبروریزی اور 108 خواتین اجتماعی آبروریزی کا شکار بنی ہیں۔ ان میں 883 بالغ اور 985 نابالغ تھیں۔

ریاست میں یکم جولائی 2016 سے اب تک دو ہزار 411 خواتین کی آبروریزی اور 140 کی اجتماعی آبروریزی ہوئی ہے۔ اس مدت میں ریاست میں آبروریزی کے 2400 اور اجتماعی آبروریزی کے 137 معاملات درج ہوئے ہیں۔ آبروریزی کا شکار بنیں خواتین میں درج فہرست ذات کی 611، درج فہرست قبائل کی 662، دیگر پسماندہ طبقے کی 750 اور 388 عام خواتین شامل ہیں۔ زانیوں نے اس مدت میں ایک ہزار 136 بالغوں اور ایک ہزار 275 نابالغوں کو اپنا شکار بنایا۔ آبروریزی کے بعد 13 خواتین کو قتل کر دیا گیا جبکہ 14 نے خود کشی کر لی۔

مدھیہ پردیش:ایک سال میں ساڑھے چار ہزار خواتین کی آبروریزی، یومیہ تین کسان موت کو لگا رہے ہیں گلے

علاوہ ازیں ریاست میں روز اوسطا تین کسان و زرعی مزدور مختلف وجوہات سے اپنی زندگی ختم کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ ٹھاکر کے مطابق ریاست میں 16 نومبر 2016 کے بعد سے اب تک (تین مہینہ کی مدت میں) مجموعی طورپر ایک ہزار 761 لوگوں نے خود کشی کی ہے جن میں 106 کسان، 181 زرعی مزدور اور 160 طلبا شامل ہیں۔جواب کے مطابق فصل خراب ہونے یا قرض کی ادائیگی نہ کر پانے کی وجہ سے خود کشی کرنے والوں کی تعداد پوری ریاست میں صرف ایک ہے۔ کسانوں کی خودکشی کے سب سے زیادہ معاملات علی راج پور (10) میں سامنے آئے ہیں۔ وہیں زرعی مزدوروں کی خودکشی کے معاملے میں بڈوانی (25) سرفہرست ہے۔

طلبہ کی خودکشی کے سب سے زیادہ معاملات بھوپال (11) میں سامنے آئے ہیں۔ اس مدت میں ساگر میں کل مالاکر 101 لوگوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا، جو پوری ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ جواب کے مطابق پردیش میں اس مدت میں 349 لوگوں نے فیملی اسباب سے، 294 نے ذہنی دباؤ، 176 نے بیماری ، 104 نے نشے اور 45 نے محبت کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا۔ حکومت نے 504 معاملات میں تفتیش جاری ہونے کی اور 298 معاملات میں دیگر وجہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز