رائے پور: یوپی میں غیر قانونی مذبح کے خلاف کارروائی کے درمیان اب چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی رمن سنگھ نے کہا ہے کہ گایوں کو قتل کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق جب رمن سنگھ سے پوچھا گیا کہ کیا چھتیس گڑھ میں بھی گئوکشی کے خلاف کوئی قانون بنے گا، تب رمن سنگھ نے یہ باتیں کہیں۔
غور طلب ہے کہ یوپی میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد غیر قانونی مذبح کو بند کروا دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یوپی میں بی جے پی ممبر اسمبلی وکرم سینی نے بھی متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ گئوکشی کرنے والوں کے پاوں توڑ دیں گے۔ ادھر جمعہ کو ہی گجرات اسمبلی نے ایک سخت قانون منظور کیا ہے ، جس کے مطابق ریاست میں گئوکشی کے قصورواروں کو عمر قید کی سزا ہو گی۔
