آر ٹی آئی کارکن شهلا مسعود قتل کیس میں مجرم قرار دی گئی زاہدہ اورصبا کو ہائی کورٹ سے ملی ضمانت

Jul 06, 2017 09:49 PM IST | Updated on: Jul 06, 2017 09:50 PM IST

اندور: مدھیہ پردیش کے سرخیوں میں چھائے حق اطلاعات (آر ٹی آئی) کی کارکن شهلا مسعود قتل معاملے میں اندور کے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے خاص کورٹ سے مجرم قرار دی گئی زاہدہ پرویز اور صبا فاروقی کو آج مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ نے ضمانت دے دی ہے۔ بینچ کے جسٹس وریندر سنگھ اور جسٹس ستیش چندر شرما نے آج دونوں کو مشروط ضمانت دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

خیال رہے کہ 16 اگست 2011 کو بھوپال میں ہوئے شہلا مسعود کے قتل کے معاملے میں سی بی آئی نے جانچ کی تھی۔ سی بی آئی جانچ میں بھوپال کی انٹیرئر ڈیزائنر زاہدہ پرویز، صبا فاروقی، ثاقب ڈینجر، عرفان اور تابش کو ملزم بنا کر رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ اس پر سی بی آئی عدالت نے سرکاری گواہ عرفان کی گواہی پر زاہدہ اورصبا کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

آر ٹی آئی کارکن شهلا مسعود قتل کیس میں مجرم قرار دی گئی زاہدہ اورصبا کو ہائی کورٹ سے ملی ضمانت

سی بی آئی عدالت کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی اندور بنچ کے سامنے زاہدہ پرویز اور صبا فاروقی کی جانب سے اپیل پیش کی گئی تھی۔ عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ اس سلسلے میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک انہیں ضمانت کا فائدہ دیا جائے۔

ضمانتی درخواست میں زاہدہ کے ایڈووکیٹ نے دلیل دی تھی کہ سی بی آئی کی طرف سے سرکاری گواہ بنائے گئے عرفان کے بیانات کو بنیاد بنا کر سی بی آئی عدالت نے اسے سزا سنائی ہے۔ عدالت کو عرفان کے بیانات کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس نے قتل میں زاہدہ اور صبا کے کردار کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔ سی بی آئی عدالت میں عرفان نے زاہدہ اور صبا کو پہچاننے سے انکار کر دیا ہے، لہذا دونوں پر جرم ثابت نہیں ہوتا اور انہیں ضمانت کا فائدہ دیا جائے۔

صبا کی طرف سے ان کے وکیل نے ضمانتی درخواست عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سی بی آئی عدالت میں اس پر لگائے گئے الزام ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا استغاثہ صرف صبا کو زاہدہ کی بطور معاون ملزم ثابت کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس بنیاد پر قتل میں صبا کا کردار ثابت نہیں ہواہے، لہذا اسے ضمانت کا فائدہ دیا جائے۔ عدالت نے تمام فریقوں کے دلائل سن کر بدھ کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ جسے آج سناتے ہوئے زاہدہ پرویز اور صبا فاروقی کو مشروط ضمانت دے دی گئی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز