کسان تحریک سے دوچار مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیو راج نے بھوک ہڑتال شروع کی

Jun 10, 2017 12:56 PM IST | Updated on: Jun 10, 2017 01:44 PM IST

بھوپال۔ گزشتہ 10 دنوں سے مدھیہ پردیش میں جاری کسان تحریک کے دوران آج ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے راجدھانی بھوپال کے بھیل دسہرہ میدان پر امن بحال کرنے کیلئے غیرمعینہ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے بیان میں بھوک ہڑتال کے جواز کے بارے میں کہا کہ یہ پوری ریاست میں امن بحالی کے لئے ہے اور یہ دھرنا۔ مظاہرہ یا تحریک بالکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہیں سے پورا سرکاری کام کاج نمٹائیں گے اور کسانوں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ریاست میں حال ہی میں کسان تحریک کے دوران ہوئے پرتشدد واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ مٹھی بھر لوگوں نے اس طرح کے واقعات کو انجام دیا ہے۔ وہ امن بحال ہونے پر ہی یہاں سے اٹھیں گے اور اس دوران ’راج دھرم‘ پر بھی عمل کیا جائے گا۔

کبھی جذباتی اور کبھی سنجیدہ انداز میں اپنے خطاب میں وزیر اعلی مسٹر چوہان نے کہا کہ تحریک شروع ہوئی تو ہم پہلے دن سے بات چیت کی اپیل کر رہے ہیں، تحریک تب جائز ہے، جب کوئی بات نہ کرے، لیکن میں (وزیر اعلی شیوراج) تو شروع سے ہی بات کر رہا ہوں۔

کسان تحریک سے دوچار مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیو راج نے بھوک ہڑتال شروع کی

انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ ماحول بنایا گیا، افواہیں پھیلائی گئیں، کسانوں کو بھڑکانے کا کام کیا گیا اور اس دوران میرا ایک ویڈیو بھی وائرل کیا گیا جس میں یہ کہتےہوئے دکھائی دے رہا ہوں کہ میں کسانوں کو ایک ڈھیلا بھی نہیں دوں گا، جبکہ ایک چینل نے بتا دیا کہ یہ پرانا ویڈیو ہے جو ایک پرانی تحریک کے دوران کا تھا۔ ٹی وی کے ذریعہ سے سچائی سامنے آئی کہ یہ اس تحریک کے سلسلے میں نہیں تھا۔ کسانوں کیلئے تو میں اپنی جان بھی دے سکتا ہوں۔

انہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ اس پرامن ریاست کو شورش زدہ بنانے کی کوشش کی گئی، بچوں کے ہاتھوں میں پتھر دے دیئے گئے، عورتیں اور بچے چیخ رہے تھے، لیکن بسوں سے لوگوں کو اُتار کر گاڑیوں میں آگ لگا دی گئی۔ گاڑیوں کو زبردستی روک۔ روک کر دودھ اور سبزیاں پھینکی گئیں، وہ بھی دوسروں کی، اپنی نہیں۔ ایمبولنس اور بسیں جلا دی گئیں۔ ایسی تحریک کو کون جائز ٹھہرائے گا۔ مہذب سماج میں کیا اسے تسلیم کیا جاسکتا ہے، میں یہ سب برداشت نہیں کرسکتا تھا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز