پاکستان کے آف اسپنر بلال آصف نے دبئی میں آسٹریلیا کیخلاف جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے ہی میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے چھکے چھڑادئے اور انہیں بیک فٹ پر لاکھڑا کردیا ۔ بلال نے صرف 36 رن دے کر آسٹریلیا کے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ بلال کی اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم میچ میں مضبوط پوزیشن میں نظر آرہی ہے۔
تاہم بلال آصف کی زندگی کافی نشیب و فراز سے گزری ہے ۔ جیو ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق 10 سال پہلے بلال نےتقریباً کرکٹ کو خیرباد کہہ کر کویت میں اپنے والد کے ساتھ الیکٹریشن کا کام کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔ لیکن سابق کپتان شعیب ملک نے اس وقت ان کی مدد کی اور انہیں کرکٹ جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ بلال آصف نے یادگاراسپیل کے بعد اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے والد کا ہاتھ بٹانے گیا تھا ، پھر وہیں ملازمت کرنے کا ارادہ تھا ، لیکن شعیب ملک میرے کیریئر میں مسیحا بن گئے۔

فوٹو ۔ ٹویٹر ۔ آئی سی سی ۔
خیال رہے کہ ڈیبیومیچ میں عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی آف اسپنر بلال آصف نے نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اسپنر بلال آصف آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹیں لے کر ڈیبیو ٹیسٹ اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لینے والے معمر ترین باؤلر بن گئے۔بلال نے 33 برس اور 13 دنوں کی عمر میں 36 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ جبکہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ تنویر احمد کے نام تھا ، جنہوں نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 31 برس اور 335 دنوں کی عمر میں 6 وکٹیں لی تھیں ۔