جرمنی میں جی - 20 اجلاس کے دوران ہوگی ٹرمپ اور پوتن کی پہلی ملاقات

Jun 30, 2017 12:56 PM IST | Updated on: Jun 30, 2017 12:56 PM IST

واشنگٹن : دنیا کے دو اہم سربراہان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن اگلے ہفتے جرمنی میں جی -20 اجلاس کے دوران پہلی بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ کریملن اور وہائٹ ہاؤس دونوں نے ہی آج اس سلسلے میں اعلان کیا کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر پوتن جرمنی کے ساحلی شہر ہمبرگ میں سات اور آٹھ جولائی کو منعقد ہونے والے جی -20 ممالک کے سربراہی اجلاس کے دوران علاحدہ طورپر ملاقات كریں گے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ کے لئے ابھی تک کوئی ایجنڈا تیار نہیں کیا گیا ہے۔ یہ میٹنگ مسٹر ٹرمپ کومشکلات میں ڈال سکتی ہے۔

الزام ہے کہ روس نے گزشتہ سال امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی اور ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مہم میں مدد کرکے مسٹر ٹرمپ کی غیر متوقع جیت میں مدد کی تھی۔ روس اور امریکہ یوکرین، ناٹو کی توسیع اور شام میں خانہ جنگی کے مسائل پر بھی آمنے سامنے ہیں۔ روس جہاں شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کرتا ہے وہیں امریکہ اسد رجیم کو ہٹانے کے لئے برسرپیکار باغی گروپوں کا تعاون کررہا ہے۔ گزشتہ اپریل میں ایک شامی ہوائی اڈے پر روس کے حملے سے بھی امریکہ ناراض ہے کیونکہ اس کے مطابق یہ ایک کیمیائی حملہ تھا جس میں درجنوں شہری مارے گئے تھے۔

جرمنی میں جی - 20 اجلاس کے دوران ہوگی ٹرمپ اور پوتن کی پہلی ملاقات

مسٹر ٹرمپ اکثر روس کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں سمجھے جاتے ہیں لیکن ان کے اپنے ریپبلکن ممبران پارلیمنٹ نے روس سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ میك ماسٹر نے کہاکہ "جیسا کہ صدر نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ اور پورے مغرب کا روس کے ساتھ زیادہ مؤثر تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ ہم روس کے غیر مستحکم کرنے کے رویے کا سامنا کرنے کے لئے جو بھی ضروری ہوگا وہ کریں گے"۔

امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کی امیدوار ہلیری کلنٹن کے خلاف امریکی صدارتی انتخابات میں مسٹر ٹرمپ کو جیت دلانے کے لئے روس نے ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی گروپوں کے ای میل کو ہیک کرکے لیک کیا تھا۔ تاہم، روس نے ان الزامات سے انکار کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی کمیٹی اور وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) صدارتی انتخابات میں روس کے کردار اور مسٹر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں اس کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز