پناہ گزینوں کے معاملے میں مرکیل نے سب سے بڑی غلطی کی: ٹرمپ

Jan 16, 2017 11:15 PM IST | Updated on: Jan 16, 2017 11:15 PM IST

لندن: امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انجیلا مرکیل کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو جرمنی میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ایک ’بڑی غلطی‘ قرار دیا ہے۔ مسٹر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ محترمہ مرکیل یورپ کی اہم لیڈر ہیں اور یورپی یونین کے لیے جرمنی اہم ذریعہ ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں موجود اپنے دفتر ٹرمپ ٹاور میں جرمن اور برطانوی اخبارات کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیا۔

مسٹر ٹرمپ نے دی ٹائمز اینڈ بلڈ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات امریکہ کے لیے شفاف تجارت کے معاہدے کرنا اور اس کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کو دیگر دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی خسارے پر بات کرنا ہو گی خاص طور پر چین کے ساتھ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ فری ٹریڈ کے بجائے اسمارٹ ٹریڈ کو ترجیح دے۔ جب ان سے روس کے ساتھ ممکنہ معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ جوہری ہتھیار اس کا حصہ ہوں گے اور انھیں امریکی پابندیاں ختم کرنے کے بدلے میں نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔

پناہ گزینوں کے معاملے میں مرکیل نے سب سے بڑی غلطی کی: ٹرمپ

گذشتہ برس نومبر میں جرمن چانسلر نے امید ظاہر کی تھی کہ نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ روس کے ساتھ نمٹنے کے لیے صرف عملی سیاست کی اپروچ نہیں اپنائیں گے۔ نومنتخب امریکی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق پر 2003 میں کی جانے والی چڑھائی بدترین فیصلہ تھا۔ نومنتخب امریکی صدر نے جرمن چانسلر کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے غیرقانونی افراد کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے کر ایک تباہ کن غلطی کی ہے۔

مسٹر ٹرمپ نے نیٹو کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک تو اس کی بنیاد بہت سال پہلے رکھی گئی تھی اور دوسرے اس میں شامل ملکوں کو وہ دیا نہیں جاتاجو ان سے کہا جاتا ہے اور اس کا فائدہ صرف پانچ ممبر ممالک کو حاصل ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز