اب بہار میں سرکاری دفاتر میں استعمال ہونے والے کپڑے بھی بنائیں گے ہیںڈ لوم بنکر

Jul 22, 2017 06:12 PM IST | Updated on: Jul 22, 2017 06:12 PM IST

پٹنہ۔  بہارحکومت کی جانب سے 07 اگست کو پانچ سو بنکروں کو مفت ہینڈلوم تقسیم کیا جائےگا ۔ واضح رہے کہ ایک بار پھر سے بنکروں کی صنعت کو فروغ دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ حکومت پہلے سے ہی ست رنگی چادر بنکروں سے خرید رہی ہے ۔ اب سرکاری دفاتر میں استعمال ہونے والے کپڑے بھی بنکروں کے ذریعہ تیار کرانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

 بہار اسٹیٹ ہینڈلوم ویورس کوآپریٹو یونین کی جانب سے سات اگست کو ہینڈلوم تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ نتیش کمار شرکت کریں گے۔ حکومت ہینڈلوم تقریب میں بنکروں کی فلاح کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کریگی۔ غورطلب ہے کہ بنکروں کی صنعت کو فروغ دینے کے تعلق سے صوبہ کے سبھی سرکاری اسپتالوں میں حکومت پہلے سے ہی بنکروں سے چادر خرید رہی ہے۔  اب انہیں مزید سہولت مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اب بہار میں سرکاری دفاتر میں استعمال ہونے والے کپڑے بھی بنائیں گے ہیںڈ لوم  بنکر

بہار اسٹیٹ ہینڈلوم یونین کے ایم ڈی کے مطابق اس سال کا کاروبار قریب سات کروڑ روپیوں کا رہا ہے۔ آئندہ سال یونین اپنے کاروبار میں مزید اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ حکومت اس سال سے سرکاری دفاتر میں استعمال ہونے والے تمام کپڑوں کو بنکروں کے ذریعہ تیار کرائیگی۔ ہینڈلوم یونین کے مطابق ماضی میں اس صنعت سے جڑے لوگ بہار سے ہجرت کرنے لگے تھے لیکن بنکروں کو اب کام ملنے لگا ہے۔ لہذا امید کی جانی چاہئے کہ اس صنعت کو چھوڑ چکے لوگ بھی ایک بار پھر سے کپڑا بننے کے کاروبار کا حصہ بنیں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز