بہار پولیس کا کارنامہ ، لبنانی سیاح فدی فضل کو بنا ڈالا دہشت گرد ، ناکردہ گناہ کیلئے 13 ماہ رہنا پڑا جیل میں

Aug 06, 2017 01:01 PM IST | Updated on: Aug 06, 2017 01:38 PM IST

سیتا مڑھی : بہار پولیس کی شبیہ پر ایک بار پھر داغدار ہوگئی ہے۔ پولیس کے افسروں نے نہ صرف ایک بے گناہ لبنانی شہری کو جیل میں ڈال دیا بلکہ اسےدہشت گرد قرار دینے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ لبنانی شہری کا نام فدی فضل ہے۔ فضل کے مطابق وہ ایک ایسے جرم کے لئے 13 ماہ جیل میں رہا ، جو اس نے کیا ہی نہیں تھا۔ اب وہ جیل کی سلاخوں سے باہر نکلا ہے۔ فضل کو جیل میں پہنچانے کا کارنامہ بہار کے سیتامڑھی ضلع کی پولیس کا ہے۔

ضمانت پر رہا ہونے کے بعد فضل نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے ۔ جب معاملہ سامنے آیا تو پولیس اہلکار لیپا پوتی کرنے میں مصروف ہوگئے۔ ضلع کے ایس پی ہری پرساد کا کہنا ہے کہ یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے ، ایسے میں اس پر بہت کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔

بہار پولیس کا کارنامہ ، لبنانی سیاح فدی فضل کو بنا ڈالا دہشت گرد ، ناکردہ گناہ کیلئے 13 ماہ رہنا پڑا جیل میں

انہوں نے بتایا کہ فضل کو نہ تو جبرا گرفتار کیا گیا تھا اور نہ ہی اس کو دہشت گرد قرار دیا گیا۔ ایس پی ہری پرساد ایس نے نگر تھانہ کے داروغہ وجے کمار گپتا کو معطل کر دیا ہے جبکہ ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر نے مظفر پور کے زونل آئی جی سنیل کمار سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

پولیس نے ایسے کیا تھا گرفتار

لبنانی شہری فضل کے مطابق وہ گزشتہ سال 8 جولائی 2016 کو نیپال گھومنے کے دوران سیتامڑھی میں داخل ہوگیا تھا۔ سیتامڑھی کے موهن پور چوک پر اس کو دیکھنے کے بعد نگر تھانہ انچارج وشال آنند نے اسے ویزا کے بغیر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں جیل بھیج دیا۔ پولیس نے لبنانی شہری کے بیگ کی تلاشی لی ، تو اس میں ہارڈ ڈسک ملی ، جس کی بنیاد پر اسے دہشت گرد قرار دے دیاگیا۔ اس معاملہ کی جانچ کی ذمہ داری وغہ وجے کمار گپتا کو سونپی گئی ۔ تفتیش کے دوران داروغہ نے لبنانی شہری کے اہل خانہ سے رشوت کا بھی مطالبہ کیا ۔ محکمہ داخلہ کے حکام نے بھی سیتامڑھی ایس پی کو جانچ کا حکم دیا۔

تقریبا ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں رہنے کے بعد معاملہ پٹنہ ہائی کورٹ پہنچا، جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پولیس کی لاپروائی اور اس کی من مانی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فضل کو ضمانت پر رہا کردیا۔ لبنانی شہری فی الحال ضمانت پر باہر ہے۔پولیس ہیڈکوارٹر نے فضل کے الزامات کو لے کر مظفر پور کے زونل آئی جی سنیل کمار کو جانچ کا حکم دے دیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ہیڈکوارٹر نے زونل آئی جی سے اس سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز