دارجلنگ بحران : ممتا بنرجی کی میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے : گھورکھا جن مکتی مورچہ

Aug 28, 2017 09:08 PM IST | Updated on: Aug 28, 2017 09:08 PM IST

دارجلنگ : بنے تمانگ کی قیادت میں گورکھا جن مکتی مورچہ کا پانچ رکنی وفد وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے طلب کردہ میٹنگ آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کرے گا۔مورچہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے 29اگست کو ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو میں دارجلنگ میں جاری بحران کو ختم کرنے کیلئے آل پارٹی میٹنگ طلب کررکھی ہے۔مورچہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری بنے تمانگ جو گورکھا جن مکتی مورچہ کے سپریمو بمل گورنگ کے قریبی ہیں نے کہا کہ دارجلنگ میں 75دنوں سے ہڑتال جاری ہے۔امید ہے کہ اس میٹنگ سے اس بحران کا خاتمہ ہوگا۔واضح رہے کہ ہڑتال کی وجہ سے دارجلنگ کی معاشی اورسماجی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہوگئی ہے۔

بنے تمانگ کے علاوہ اس میٹنگ میں مورچہ کے سینئر لیڈر تیسرے دھل، آر بی بھوجیل، انیت تھاپااور روہت تھاپا شرکت کریں گے ۔یہ وفد دارجلنگ سے روانہ ہوگیا ہے اور کل 4بجے یہ میٹنگ ہوگی۔تمانگ نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑ کے موجودہ حالات کو ختم کرنے کیلئے وہ ہرممکن کوشش کریں گے ۔ دارجلنگ میں گزشتہ 12جون سے ہڑتال جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران علاحد ہ ریاست کی تشکیل کا مسئلہ بھی اٹھایا جائے گا

دارجلنگ بحران : ممتا بنرجی کی میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے : گھورکھا جن مکتی مورچہ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال جاری رہے گی ۔اگر بات چیت کے دوران مثبت نتائج سامنے آتے ہیں تو پھر ہڑتال ختم کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ مورچہ کے علاوہ گورکھا نیشنل لبریشن فرنٹ اور جن آندولن پارٹی کا وفد بھی شرکت کرے گا۔ہرکا بہادر چھتری کلکتہ پہنچ چکے ہیں ۔اس میٹنگ میں شرکت کیلئے دارجلنگ کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔اس میٹنگ کی صدارت وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کریں گی ۔ممتا بنرجی نے جی این ایل ایف کے صدر منن گھیشنگ کی طرف سے خط ملنے کے بعد آل پارٹی میٹنگ طلب کی تھی۔گھیشنگ نے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے دارجلنگ میں جاری ہڑتال کو ختم کرنے کیلئے پہل کرنے کی درخواست کی تھی ۔انہوں نے لکھا تھا کہ دارجلنگ کے عوام مسلسل ہڑتال کی وجہ سے پریشان ہیں ۔اگلے مہینے سے فیسٹول سیشن شروع ہورہا ہے ۔دارجلنگ کے عوام کا ذریعہ آمدنی چائے انڈسٹری اور سیاحت ہے جو اس ہڑتال کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز