لالو نے شرد کو ساتھ مل کر لڑنے کی دی دعوت، کہا، آج ملک کو دوبارہ لڑائی لڑنے کی ضرورت

Jul 30, 2017 09:04 AM IST | Updated on: Jul 30, 2017 09:04 AM IST

پٹنہ۔  بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ مسٹر نتیش کمار کے حکومت بنانے سے ناراض بتائے جا رہے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر شرد یادو کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے دائیں بازو کی تاناشاہی کے خاتمے اور استحصال اور ظلم وزیادتی کے شکار طبقوں کے لئے ساتھ مل کر لڑائی لڑنے کی دعوت دی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ہم نے اور شرد یادو جی نے ساتھ لاٹھی کھائی ہے، جدوجہد کی ہے۔ آج ملک کو دوبارہ لڑائی لڑنے کی ضرورت ہے۔ استحصال اور ظلم و زیادتی کے شکار طبقوں کے لئے ہمیں لڑنا ہوگا۔ غریب، محروم اور کسانوں کو مشکل سے نکالنے کے لیے ہم نئی تحریک شروع کریں گے۔ ’’ شرد بھائی، آئیے سب مل کر دائیں بازو کی تاناشاہی کو نیست و نابود کریں ۔‘‘

آر جے ڈی  سربراہ نے کہا کہ وہ غریب، محروم اور نظرانداز کئے گئے طبقوں کے حقوق کے لئے نظریاتی طور پر ساتھ رہے سبھی ساتھیوں کو لے کر کھیت کھلیان سے سڑک اور پارلیمنٹ تک لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے مسٹر شرد یادو کے سیاسی مستقبل کو ہی ختم کر دیا ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ وہ مسٹر شرد یادو کو اب بھی لیڈر مانتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف پورے ملک میں جنگ شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر شرد یادو پارلیمنٹ سے نکل کر گاؤں گاؤں میں دورہ کریں۔ وہ انہیں پورا تعاون اور عزت دیں گے۔

لالو نے شرد کو ساتھ مل کر لڑنے کی دی دعوت، کہا، آج ملک کو دوبارہ لڑائی لڑنے کی ضرورت

لالو پرساد یادو: فائل فوٹو

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز