اکھلیش اور مایاوتی کے ساتھ آنے کی امید ، ایسا ہوا تو 2019 میں بی جے پی کا کھیل ختم : لالو

Jul 05, 2017 07:51 PM IST | Updated on: Jul 05, 2017 07:51 PM IST

پٹنہ : آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے 2019 میں لوک سبھا انتخابات سے پہلے اکھلیش یادو اور مایاوتی کے ساتھ آنے کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسا ہوا تو 2019 میں بی جے پی کا کھیل ختم ہو جائے گا۔ این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ كووند کی ذات کو لے کر بھی لالو نے سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے امیدوار رام ناتھ كووند دلت نہیں ہیں ، وہ کولی ذات سے ہیں ، جسے گجرات میں او بی سی کا درجہ حاصل ہے۔ لالو نے کہا کہ کولی ذات اتر پردیش میں ایک فیصد ہے، لیکن چونکہ گجرات میں انتخابات ہونے ہیں، اس لئے این ڈی اے نے انہیں امیدوار بنایا ہے ۔ تاکہ 18 فیصد ووٹ مل سکے۔

بدھ کو پٹنہ میں آر جے ڈی کے یوم تاسیس پر کارکنوں کے درمیان لالو نے کہا کہ ہم اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرتے ہیں۔ کانگریس بھی اگر این ڈی اے کے امیدوار کی حمایت کرتی تو بھی وہ نہیں کرتے۔ لالو نے کہا کہ آج ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی صورت حال ہے۔ بی جے پی نے لوگوں سے جھوٹا وعدہ کیا، سبز باغ دکھا کر مودی اقتدار میں بیٹھ گئے، کیونکہ ہم لوگ بٹے ہوئے ہیں، تین سالوں میں ایک بھی آدمی کو نوکری نہیں ملی۔

اکھلیش اور مایاوتی کے ساتھ آنے کی امید ، ایسا ہوا تو 2019 میں بی جے پی کا کھیل ختم : لالو

لالو پرساد نے ہم خیال لوگوں کو ایک ساتھ آنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 'مایاوتی اور اکھلیش مل جائیں گے تو بی جے پی کا کھیل ختم ہو جائے گا۔ مایاوتی، اروند کیجریوال، ممتا، پرینکا گاندھی، رابرٹ واڈرا اور ان کے کنبہکو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سب ایک ہو جائیں گے ، تو بی جے پی ختم ہو جائے گی۔لالو نے کہا کہ ملک میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، گائے کے نام پر لوگوں کا قتل کیا جا رہا ہے، ملک کے کسان خودکشی کر رہے ہیں، ملک میں اب خوفناک صورت حال ہے۔

اس دوران نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اس پارٹی کا سپاہی ہوں، جس نے آج تک اپنے نظریات سے سمجھوتہ نہیں کیا، جب سے پارٹی بنی ہے ، تب سے فرقہ وارانہ طاقتیں پارٹی کے پیچھے لگی ہوئی ہیں ، اس کے باوجود مخالفین کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں منفی سیاست ہو رہی ہے، جو غریبوں کی بات کرتا ہے ، اس کو بدنام کیا جاتا ہے۔ 27 اگست کی ریلی ملک کی نئی سمت طے کرے گی، ہماری پارٹی اب جوان ہو گئی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز