بی جے پی سے ملک کو آزادی دلانے کےلئے آخری دم تک جد و جہد کرتا رہوں گا : لالو پرساد یادو

راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ یکساں نظریے والی پارٹیوں کو متحد کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی)سے ملک کو آزاد کرانے کےلئےوہ آخر تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔

Dec 17, 2017 07:19 PM IST | Updated on: Dec 17, 2017 07:19 PM IST

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ یکساں نظریے والی پارٹیوں کو متحد کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی)سے ملک کو آزاد کرانے کےلئےوہ آخر تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ مسٹر یادو نے یہاں قانون ساز کونسل کی سابق رکن ڈاکٹر پدماشا جھا کی کتاب’یگدرشٹا راجیو گاندھی‘ کا اجرا کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ یکساں نظریے والی پارٹیوں کو متحد کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)سے ملک کو آزادی دلانے کےلئے وہ آخری دم تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام ابھی ’سائلنٹ موڈ‘پر ہیں اور سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو متحرک لیڈر بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف ان کا جو عزم تھا اسے یاد کرنے کی ضرورت ہے۔تمل ناڈو میں انتخابی تشہیر کے دوران ان کا قتل ہوگیا تھا۔

آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ آج ملک میں اطلاعات و ٹیکنولوجی کے شعبہ میں جو کچھ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے وہ سابق وزیراعظم مسٹر گاندھی کی دین ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی استحصال سے متاثر ،اقلیتی ،غریب اور گاؤں کے لوگوں کے تئیں ہمیشہ فکر مند رہا کرتے تھے۔وہ کہا کرتے تھے کہ مرکز سے ریاستی حکومت کو ایک روپیہ بھیجا جاتا ہے لیکن غریبوں تک اٹھنی بھی نہیں پہنچتی،جو ان کےلئے فکر مندی کی وجہ رہی۔انہوں نے کہا کہ آخری پائدان پر بیٹھے ہوئے لوگوں کو وہ آگے کی صف میں لانے کےلئے ہمیشہ کوشاں رہے۔

بی جے پی سے ملک کو آزادی دلانے کےلئے آخری دم تک جد و جہد کرتا رہوں گا : لالو پرساد یادو

مسٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مسٹر مودی کے دور حکومت میں جمہوری تنظیموں کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)کی صدر مایاوتی،مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بینرجی اور انہیں پریشان کیا جارہا ہے۔بی جےپی کے دورحکومت میں مخالفین کو ایک سازش کے تحت پریشان کیا جارہا ہے لیکن اپوزیشن کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔آر جے ڈی نے کہا کہ بی جےپی انتخابات میں ہار کے پیش نظر پاکستان کا شوشہ چھوڑنے لگی۔بی جے پی کو کام کرنانہیں بلکہ لوگوں گمراہ کرنے کےلئے طرح طرح کے جھوٹے لالچ دینا ہی آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی جیسا وزیراعظم اب تک کوئی نہیں ہوا جو صرف جملے بازی کرکے لوگوں کو غفلت میں ڈالتا رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے آرجی ڈی کا تعلق مضبوط ہے اور پوری مضبوطی کے ساتھ یہ رشتہ آگے بھی بنا رہےگا جب تک بی جےپی کو مرکز کے اقتدار سے ہٹا نہیں دیتے۔

مسٹر یادو نے کہا کہ انہوں نے کل ہی کانگریس کے نومنتخب صدر راہل گاندھی کو مبارکباد دی تھی اورآج پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی کو بھی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا،’’محترمہ گاندھی سیاست سے رٹائر نہیں ہوئی ہیں اور ان سے میں نے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے صدر کے عہدے پر برقرار رہنے کی اپیل کی ہے۔ان کا پارلیمانی بورڈ کا صدربنے رہنے سے کانگریس اور مضبوط ہوگی۔‘‘ اس موقع پر سابق وزیر ڈاکٹر شکیل احمد،سابق وزیر ڈاکٹر رام چندر پوروے اور سابق رکن پارلیمنٹ شیوانند تیواری سمیت کئی مشہور ماہر تعلیم اور معزز ہستیاں موجود تھیں ۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز