انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے کے بعد لالو یادو کی پٹنہ میں واقع رہائش گاہ پر سناٹا

May 16, 2017 02:56 PM IST | Updated on: May 16, 2017 02:56 PM IST

پٹنہ۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو سے جڑے مبینہ بے نامی جائداد معاملے میں آج دہلی اور گروگرام میں انکم ٹیکس کے چھاپے کے بعد یہاں ان کی سرکاری رہائش گاہ میں سناٹا چھا گیا۔ انکم ٹیکس کے چھاپے کی خبرملنے کے بعد یہاں ان کی اہلیہ اور سابق وزیراعلی رابڑی دیوی کے نام سے مختص سرکاری رہائش گاہ 10 سرکولر روڈ کے باہر میڈیا کی بھیڑ لگی ہے لیکن گھر کے اندر سناٹا ہے۔حالانکہ اس درمیان سینئر ایڈووکیٹ چترنجن سنہا کو بلایا گیا۔ ادھر آر جے ڈی کے جنرل سکریٹری اور قانون ساز کونسلر مندریکا سنگھ یادو بھی مسٹر یادو کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ اسی دوران جنتا دل یونائیٹیڈ(جے ڈی یو) کے ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ انہیں چھاپے کے سلسلے میں کوئی معلومات نہیں ہے اس لئے وہ اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہیں گے۔وہیں جے ڈی یو کے ہی ایک دیگر ترجمان ڈاکٹر اجے آلوک نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)کے رہنما گزشتہ 40دنوں سے آر جے ڈی کے سربراہ اور ان کے خاندان کےلوگوں پر بے بنیاد الزام لگا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وزیراعلی نے کہا تھا کہ اگراس بارے میں کوئی ثبوت ہے تو بی جےپی کےلوگ آگے کی کارروائی کریں۔ صرف میڈیا میں بیان دے کر تشہیر پانے کے ارادے سے الزام لگانا ٹھیک نہیں ہے۔

ڈاکٹر آلوک نے کہا کہ انکم ٹیکس کے چھاپے اور لوگوں کے یہاں بھی ہوتے رہے ہیں۔اس لئے جب تک چھاپے میں کیا ملتا ہے،اس کا پتہ نہیں چل جاتا تب تک کوئی نتیجہ نکالنا ٹھیک نہیں ہے۔ مسٹر یادو کی رہائش گاہ پر جانے سے پہلے آر جے ڈی کے قومی نائب صدر رگھوونش پرساد سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ بی جےپی شروع سے ہی مسٹر لالو پرساد یادو کو بربادکرنے اوران کے خاندان کو بدنام کرنے کی سازش کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر یاد  مرکز کی مودی حکومت کے خلاف سبھی سیکولر پارٹیوں کو یکجا کرنے کی کوشش کررہے تھے،اس لئے بی جے پی نے اس کوش کو ناکام کرنے کے لئے مرکزی ایجنسی کے ذریعہ یہ کارروائی کی ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ آر جے ڈی نے بھی بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی کے خلاف الزام لگائے تھے، لیکن مرکزی حکومت نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔اس کے برعکس مسٹر سشیل مودی کے الزام پر مرکزی حکومت نے مسٹر یادو کے خلاف یک طرفہ کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدلے کے جذبے سے کی گئی کارروائی ہے لیکن آر جے ڈی کو عوام پر بھروسہ ہے۔

انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے کے بعد لالو یادو کی پٹنہ میں واقع رہائش گاہ پر سناٹا

لالو پرساد یادو: فائل فوٹو

سابق وزیراعلی اور ہندوستانی عوام مورچہ(ہم) کے صدر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار نے کل کہا تھا کہ مسٹر یادو کے خلاف جو الزام لگائے جارہے ہیں اس کی جانچ ریاستی حکومت نہیں بلکہ مرکزی حکومت ہی کرا سکتی ہے۔مسٹر کمار نے حالات کے مطابق انصاف کی بات کہی تھی۔ مسٹر مانجھی نے کہا کہ مسٹر یادو کے خلاف الزامات کی جانچ اب مرکزی ایجنسی نے شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی قانون کے مطابق کام کرنے کےلئے جانے جاتے ہیں۔اس معاملے میں بھی قانون اپنا کام کرے گا۔ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے رہنما اور سابق نائب وزیراعلی سشیل کمار مودی نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار کے ہی مطالبے پر مرکزی حکومت نے مسٹر یادو کے خلاف کارروائی کی ہے۔ مسٹر کمار نے 40دن کے بعد کل جب اس معاملے پر خاموشی توڑی تھی تب کہا تھا کہ مسٹر یادو پر عائد الزامات ریاستی حکومت کے دائرے میں نہیں آتے ،اس لئے مرکزی حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز