سیمانچل کے ایک زریں سیاسی عہد کا خاتمہ ، ایم پی تسلیم الدین کے انتقال پر مولانا اسرار الحق قاسمی کی تعزیت

Sep 18, 2017 06:37 PM IST | Updated on: Sep 18, 2017 06:52 PM IST

کشن گنج: سیمانچل گاندھی کے لقب سے مشہور معروف سیاست داں اور ارریا سے آرجے ڈی کے ممبرپارلیمنٹ الحاج تسلیم الدین کی وفات پر اپنے دلی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے معروف عالمِ دین وکشن گنج کے ممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے کہاکہ ان کی وفات سے ہندوستانی سیاست میں ایک بڑاخلاپیداہوگیا ہے، جس کاپوراہونامشکل ہے ۔

مولاناقاسمی نے کہاکہ تسلیم الدین صاحب نے پچاس سال تک سرگرم سیاسی وعملی زندگی گزاری، جس کے دوران وہ کئی بارریاستی حکومت کی کابینہ میں بھی شامل رہے اور دیوگوڑاحکومت میں اسٹیٹ ہوم منسٹربھی رہے اورانھوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبود کومقدم رکھتے ہوئے پورے اخلاص کے ساتھ کام کیا۔ خاص کر علاقے کے مسلمانوں کی معاشی وتعلیمی پسماندگی کودور کرنے کے لیے انھوں نے ہرممکن کوشش کی اور سرکاری وغیرسرکاری سطح پر اہم خدمات انجام دیں ۔

سیمانچل کے ایک زریں سیاسی عہد کا خاتمہ ، ایم پی تسلیم الدین کے انتقال پر مولانا اسرار الحق قاسمی کی تعزیت

مولانا اسرار الحق قاسمی ۔ فائل فوٹو

ممبر پارلیمنٹ نے کہاکہ ان سے میرے نہایت مخلصانہ تعلقات رہے اور مختلف قومی وملکی مسائل پران سے تبادلۂ خیال بھی ہوتارہتاتھا ۔ ذاتی زندگی میں وہ ایک سادہ ومنکسرالمزاج اوربااخلاق انسان تھے۔ مولاناقاسمی نے کہاکہ وہ اپنی عوامی خدمات کی وجہ سے ہرطبقے میں مقبول تھے اورانھیں سیمانچل گاندھی کے لقب سے یادکیاجاتاتھا ۔

واضح رہے چنئی کے اپولو ہسپتال میں17ستمبر کوان کی وفات ہوئی، وہ فی الحال آرجے ڈی کی طرف سے ارریاکے ایم پی تھے اس سے پہلے کشن گنج اورپورنیہ سے بھی وہ ممبرپارلیمنٹ رہ چکے تھے اس لئے بھی پورے سیمانچل میں ان کی بے پناہ مقبولیت تھی ۔

مولاناقاسمی نے مرحوم کی وفات کی خبرملتے ہی ان کے بیٹے سرفراز عالم ایم ایل اے سے تعزیت کااظہارکیااورآج جب ان کی لاش باگڈوگراسے ارریا لے جاتے ہوئے کشن گنج لائی گئی تو خاص طورپر موجود رہے اور مجمع کے سامنے اپنے قلبی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے میرا ذاتی نقصان ہوا ہے اور موجودہ ملکی حالات میں مسلمانوں ان کی شدید ضرورت تھی لیکن اللہ کی مرضی تھی کہ وہ آج ہمارے درمیان نہیں رہے ۔اس موقع پرمولاناقاسمی نے ان کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کرتے ہوئے تمام لوگوں سے ان کی دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز