وزیر اعلی نتیش بولے: میں وزیر اعظم کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں

Jul 03, 2017 02:56 PM IST | Updated on: Jul 03, 2017 04:49 PM IST

پٹنہ۔  بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل یونائٹیڈ کے قومی صدر نتیش کما رنے سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے لئے خود کو وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار کی دوڑ سے باہر بتاتے ہوئے کہا کہ چہرہ کے بجائے الیکشن جیتنے کے لئے مشترکہ پروگرام پر مبنی اپوزیشن اتحاد زیادہ اہم ہے۔ مسٹر کمار نے آج یہاں لوک سمواد پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں وزیر اعظم کے عہدہ کے دعویدار نہیں ہیں اور اسے وہ پہلے بھی واضح کرچکے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں وزیر اعظم بننے کے لئے جن کے ناموں پر بحث ہوتی رہی ہے وہ کبھی وزیر اعظم نہیں بن پائے۔

وزیر اعلی نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لئے چہرہ کے بجائے مشترکہ پروگرام بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے انہوں نے اس کے لئے درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتے پہلے نئی دہلی میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی کتاب کے رسم اجراء کے موقع پر نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی سے درخوات کی تھی کہ وہ اپوزیشن اتحاد کے لئے مشترکہ پروگرام تیار کرنے میں پہل کریں۔ مسٹر کمار نے ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ وہ اتنے اہل نہیں ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے لئے ایجنڈا طے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک بڑی پارٹی ہے اس لئے انہوں نے مسٹر گاندھی سے اس سلسلے میں درخواست کی تھی۔

وزیر اعلی نتیش بولے: میں وزیر اعظم کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں

file photo

وزیر اعلی نے 2015کے بہار اسمبلی الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہاگٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں میں این ڈی اے کے مقابلے میں زیادہ اتحاد تھا اور انہیں مشترکہ پروگرام پر الیکشن لڑنے کا فائدہ ملا اور بہاراسمبلی میں زبردست اکثریت حاصل ہوئی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مہاگٹھ بندھن میں سب کچھ ٹھیک ہے اور کسی طرح کی نوراکشتی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ میڈیا میں نورا رپورٹنگ ضرور ہورہی ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن میں شامل آر جے ڈی کی طرف سے پٹنہ میں 27 اگست کو منعقد ہونے والی ریلی میں دعوت ملنے پر وہ ضرورت شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر رسمی دعوت مل چکی ہے اور رسمی دعوت بھی جلد مل جائے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز