تیج پرتاپ نے کیا درد کا اظہار: سیاست کے لئے کرائی میری شادی، پی ایم بھی بولیں تو نہیں مانوں گا

تیج پرتاپ یادو نے اہلیہ ایشوریا رائے سے طلاق لینے کی عرضی عدالت میں داخل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اپنے فیصلے سے کسی بھی قیمت پر پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں

Nov 03, 2018 10:49 PM IST | Updated on: Nov 03, 2018 10:49 PM IST

راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر تیج پرتاپ یادو نے اہلیہ ایشوریا رائے سے طلاق لینے کی عرضی عدالت میں داخل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اپنے فیصلے سے کسی بھی قیمت پر پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، گھٹ۔ گھٹ کر جینے سے بہتر ہے شادی کے بندھن سے الگ ہوجانا‘‘۔

رانچی میں اپنے والد لالو پرساد یادو سے ملاقات کے لئے جانے کے دوران بودھ گیا پہنچے تیج پڑتاپ یادو نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ان کی اہلیہ کی ’’ہائی پروفائل سوسائٹی‘ میں پرورش ہوئی ہے اور دہلی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کے ساتھ ان کا کوئی میل نہیں ہے۔ انہوں نے الزا م لگایا کہ ان کے رشتے دار اوم پرکاش اور ویپن نے انہیں سیاسی مہرہ بناکر ان کی شادی ایشوریا سے کرادی۔

تیج پرتاپ نے کیا درد کا اظہار: سیاست کے لئے کرائی میری شادی، پی ایم بھی بولیں تو نہیں مانوں گا

فائل تصویر

سابق وزیر نے کہا کہ شادی کے کچھ دنوں کے بعد سے ہی دونوں میں جھگڑا شروع ہو گیا تھا اور یہ سب ان کے والد لالو پرساد یادو اور والدہ رابڑی دیوی اور چھوٹے بھائی تیجسوی یادو کے سامنے ہوتا تھا۔ اس بات کا پورا ثبوت ان کے پاس ہے جو ضرورت پڑنے پر عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے ان کی ایشوریا سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

تیج پرتاپ نے کہا کہ زندگی کافی مشکل سے ملتی ہے اور اس میں گھٹ۔ گھٹ کر جینا ٹھیک نہیں ہے۔ اس لئے انہوں نے ایشوریا سے الگ ہونا ہی مناسب سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے مابین صلح کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تیر ایک بار کمان سے نکل چکا ہے جو واپس نہیں ہوسکتا۔ اب وہ کسی بھی صورت پر طلاق کی عرضی واپس نہیں لیں گے۔ تیج پرتاپ نے مزید کہا کہ لاکھ دنیا منائے گی تب بھی ہم نہیں مانیں گے، چاہے پی ایم ہی کیوں نہ کہیں تب بھی ہمارا فیصلہ نہیں بدلےگا۔

Loading...

غور طلب ہے کہ تیج پڑتاپ اور ایشوریا کی شادی اسی سال 12 مئی کو ہوئی تھی۔ تیج پرتاپ نے کل ہی پٹنہ سول کورٹ کی فیملی کورٹ میں ایشوریا سے طلاق کیلئے عرضی داخل کی ہے۔ اس پر انتیس نومبر کو سماعت ہونے والی ہے۔

یواین آئی اور نیوز 18 کے ان پٹ کے ساتھ

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز