پٹنہ: راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے دور اقتدار میں ملک بحران سے گزر رہا ہے اس لئے یکساں نظریات رکھنے والی جماعتوں کو متحد ہوکر مرکزی حکومت کو اکھاڑ پھینکنا ہے۔مسٹر یادو نے یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں آر جے ڈی کے صدر کے عہدہ کے لئے دسویں بار نامزدگی داخل کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) حکومت کے دور اقتدار میں ملک میں ایمرجنسی جیسی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ اس لئے وہ یکساں نظریات والی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسی جماعتوں کو متحدہوکر مودی حکومت کو اقتدار سے ہٹا دینا ہے۔
آر جے ڈی صدر نے کہاکہ بی جے پی کو ملک کے آئین پر تھوڑا بھی بھروسہ نہیں ہے ۔ ان کی پارٹی آر جے ڈی کے آئین کے تئیں پرعزم ہے اور جماعت کی بنیاد اتحاد، یکجہتی اور سیکولرازم پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں تمام کو مل جل کررہنا ہوگا۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو: فائل فوٹو۔