ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا: بارڈر-گواسکر ٹرافی پر ہندوستان کی بادشاہت قائم

Mar 28, 2017 11:12 AM IST | Updated on: Mar 28, 2017 12:24 PM IST

دھرم شالہ۔  لوکیش راہل (ناٹ آووٹ 51) اور قائم مقام کپتان اجنکیا رہانے (ناٹ آؤٹ 38) نے ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ کے چوتھے ہی دن آٹھ وکٹ سے جیت دلاتے ہوئے بارڈر-گواسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔ ہندستان نے پہلا ٹسٹ ہارنے کے بعد 1۔2سے بارڈر-گواسکر ٹرافی کو اپنے نام کیا۔ یہ چوتھا موقع ہے جب ہندستانی ٹیم نے پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی ہے۔ اس سے پہلے سال 01۔2000میں بھی ہندستان ایسا کر چکا ہے۔

ہندستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے ہی دن آسٹریلیائی ٹیم پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی اور 106 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صبح کے سیشن میں اس نے 23.5 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 106 رن بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔ راہل اور رہانے نے تیسرے وکٹ کے لئے 60 رن کی ناٹ آووٹ شراکت داری کرکے میچ کو ہندستان کی جھولی میں ڈال دیا۔

ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا: بارڈر-گواسکر ٹرافی پر ہندوستان کی بادشاہت قائم

اوپنر راہل ایک بار پھر اہم ثابت ہوئے اور انہوں نے 76 گیندوں میں نو چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 51 رن کی نصف سنچری بنائی اور وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی کر رہے رہانے نے 27 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 38 رن بنائے۔

دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں ہندستانی ٹیم نے صبح اپنی اننگز کو کل کے 19 رن سے آگے بڑھایا اور اس وقت تک اس کے تمام 10 وکٹ محفوظ تھے۔ بلے باز راہل 13 رن اور مرلی وجے چھ رن پر ناٹ آؤٹ تھے اور ہندستان کو فتح کے لیے محض 87 رنز کی ضرورت تھی۔ پہلے وکٹ کے لئے راہل نے مرلی کے ساتھ 46 رن کی شراکت داری کی اور 13 ویں اوور میں پیٹ کمنز نے میتھیو ویڈ کے ہاتھوں مرلی کو کیچ کرا دیا۔ مرلی نے 35 گیندوں میں آٹھ رن بنائے۔ لیکن پھر اسی اسکور پر آسٹریلیا نے چتیشور پجارا کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں دیا اور گلین میکسویل نے انہیں رن آؤٹ کرکے دوسرا وکٹ بھی حاصل کر لیا۔ اگرچہ آسان ہدف کا تعاقب کر رہی ہندستانی ٹیم کو اس سے زیادہ فرق نہیں پڑا کیونکہ دوسرے اینڈ پر سلامی بلے باز راہل جم کر رن بناتے رہے۔

راہل نے پھر رہانے کے ساتھ مل کر کسی اور وکٹ کے نقصان کے بغیر ہدف حاصل کرکے ہندستان کو آٹھ وکٹ سے میچ میں جیت دلا دی۔ راہل نے 76 گیندوں میں اپنے 50 رن پورے کئے جو ان کی موجودہ سیریز میں چھٹی نصف سنچری ہے ۔ وہ ساتھ ہی پجارا کے بعد دوسرے بہترین اسکورر بھی رہے۔ آسٹریلیا کے گیند بازوں کے پاس اپنا دفاع کرنے کے لیے کوئی اسکور نہیں تھا اور انہوں نے بھی مایوسی میں میچ کی خانہ پری کی۔ ہندستان نے جو دو وکٹ گنوائے ان میں ایک رن آؤٹ ہوا اور کمنز نے 42 رن پر ایک وکٹ لیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز