مغربی بنگال : وجے دشمی کے موقع پر آر ایس ایس حامی تنظیموں کا ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالنے کا منصوبہ

Aug 11, 2017 11:17 PM IST | Updated on: Aug 11, 2017 11:17 PM IST

کلکتہ : آرایس ایس ، بی جے پی اور دیگر ہندتو تنظیموں کی جانب سے مغربی بنگال میں رام نومی کا تہوار بڑے پیمانے پر منانے کے بعد اب وجے دشمی کے موقع پر ’’شاشتر پوجابڑے پیمانے پر منعقدکرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق رام نومی کی طرح اس موقع پر بھی بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی نمائش کی جائے گی اور اس طرح کا تہوار ریاست کے مختلف علاقوں میں منعقد کیا جائے گا۔

اسی سال 5اپریل کو رام نومی کے موقع آر ایس ایس اور اس کی حامی جماعتوں نے بڑے پیمانے پر رام نومی تہوار کا انعقاد کیا تھا جس میں نوجوانوں نے شرکت کی اور ان کے ہاتھوں میں ہتھیار تھے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے قریب بھوانی پور میں بھی اس طرح کی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔

مغربی بنگال : وجے دشمی کے موقع پر آر ایس ایس حامی تنظیموں کا ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالنے کا منصوبہ

file photo

خیال رہے کہ وجے دشمی کے ایک دن بعد یکم اکتوبر کو یوم عاشورہ ہے جس میں مسلمانوں کے شیعہ برادری اور سنیوں کا ایک طبقہ جلوس نکالتا ہے ۔مغربی بنگال، اڑیسہ، سکم اور آنڈو مان کے وشوہندو پریشد شاخ کے آرگنائزر سیکریٹری سچندرا ناتھ نے کہا کہ اگر ممتا بنرجی نے ہمیں روکنے کی کوشش کی توہم قانون کا سہارا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ دیکھیں گے ممتا بنرجی کی حکومت ہندؤں کو وجے دشمی منانے سے روکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہتھیارں کی نمائش غیر قانونی نہیں ہے ۔لائنس والے ہتھیاروں کی ہم نمائش کریں گے اور کوئی نہیں روک سکتا ہے۔آ ر ایس ایس اور وی ایچ پی اس تہوار کو دیگر ریاستوں میں بہت ہی اہتمام سے مناتی ہے ۔شاشتر پوجا کے دوران وشوہندو پریشد اور بجرنگ دل متعدد مواقع پر تنازع پیدا کرچکی ہے ۔ بنگال میں شاشتر پوجا کو بہت ہی اہتمام سے نہیں منایا جاتا ہے ۔بنگالی برادری وجے دشمی کو ’’سندور کھیلا کے طور پر مناتی ہے جس میں شادی شدہ خاتون کو ہمیشہ سہاگن رہنے کی دعا دی جاتی ہے ۔تاہم ہندی بولنے والے علاقے جس میں آسنسول، درگا پور، برن پور شامل ہیں لاٹھی کے ساتھ یہ تہوار منایا جاتا ہے

ریاست کے ایڈیشنل ڈائریکر جنرل لااینڈ آرڈر انوج شرما نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں ہمیں کوئی اطلاع نہیں ہے مگر اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر خصوصی نگاہ رکھیں گے۔گزشتہ سال محرم اور وجے دشمی ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے ریاست کے کئی علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات رونما ہوگئے تھے۔  ترنمول کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ چوں کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی غیر قانونی ہتھیاروں کی نمائش پر سخت کارروائی کا انتباہ دے چکی ہیں اس لیے زعفرانی پارٹیاں تنازع پیدا کرکے ریاست میں قومی یکجہتی کے ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔مگر انہیں اپنے مقصد میں کامیابی نہیں ملے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز