پیوش گوئل سی اے کی طرح امت شاہ کے بیٹے کا دفاع کررہے ہیں: یشونت سنہا

Oct 11, 2017 09:13 PM IST | Updated on: Oct 11, 2017 09:13 PM IST

پٹنہ۔  بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی ٹمپل انٹرپرائزز میں مبینہ بے ضابطگی کے سلسلے میں ریلوے کے وزیر پیوش گوئل پر اس معاملے کا دفاع کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ وہ ان کے چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی طرح برتاو کررہے ہیں۔ مسٹر سنہا نے یہاں مشہور سوشلسٹ لیڈر لوک نائک جے پرکاش نارائن کی سالگرہ کے موقع پر منعقد پروگرام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گوئل کے پاس مرکزی کابینہ میں ریلوے اور کوئلہ جیسی اہم وزارتیں ہیں لیکن وہ 2014میں مرکز میں نریندر مودی حکومت بننے کے بعد صرف ایک سال میں کاروبار سولہ ہزار گنا کی شرح سے اضافہ کرنے والی جے شاہ کمپنی کے دفاع میں چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی طرح برتاو کررہے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مسٹر گوئل کو اس طرح کمپنی میں ہوئی بے ضابطگیوں کا دفاع نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بی جے پی صدر کے بیٹے کی کمپنی کے خلاف عائد تمام الزامات کی جانچ کرانے کی خواہش مند نہیں دکھائی دے رہی ہے۔

پروگرام میں موجود بی جے پی ایم ایل اے ارون کمار مسٹر سنہا کے اس بیان سے پریشان دکھائی دئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر سنہا کا احترام کرتے ہیں اور ان کے پروگرام میں شامل ہونے سے انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے اس صورت حال سے بچتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی موجودہ قیادت ، اس کے ایجنڈا اور نظریہ کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ ایک ویب سائٹ میں شائع خبر میں دعوی کیا گیا ہے کہ جے شاہ کے والد امت شاہ کے بی جے پی صدر بننے اور مسٹر نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ان کی کمپنی ٹمپل انٹرپرائزز پرائیوٹ لمیٹیڈ کے کاروبار میں صرف ایک سال میں سولہ ہزار گنا اضافہ ہوا ہے۔

پیوش گوئل سی اے کی طرح امت شاہ کے بیٹے کا دفاع کررہے ہیں: یشونت سنہا

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا : فائل فوٹو۔

اس سے قبل بھی مسٹر سنہا نے حال ہی میں مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی مالی بدنظمی ، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے خراب طریقے سے نفاذ نے ہندوستانی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز