گولڈن گلوب ایوارڈزمیں میرل اسٹریپ کی ڈونالڈ ٹرمپ پر شدید تنقید

ٹرمپ کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا، ’’اگر آپ ان سب کو باہر نکال دیں گے، تو آپ کے پاس فٹ بال اور مارشل آرٹ دیکھنے کے علاوہ کچھ نہیں ہو گا اور یہ فن نہیں ہیں۔‘

Jan 09, 2017 11:46 PM IST | Updated on: Jan 09, 2017 11:48 PM IST

لاس اینجلس : اتوار کی شب فلمی دنیا کے اہم ایوارڈ گولڈن گلوب کی رنگا رنگ تقریب لاس اینجلس میں منعقد ہوئی، جس میں میوزیکل فلم ’لا لا لینڈ‘ نے اکٹھے سات گولڈن گلوب جیت کر آسکر ایوارڈ کے لیے بھی اپنا راستہ ہم وار کر لیا۔ ڈیمیَن شیزل کی ہالی وڈ کے میوزیکلز کے سنہرے دور کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ’لا لا لینڈ‘ کو سات مختلف کیٹیگریز کے لیے منتخب کیا گیا تھا اور اس فلم نے ان تمام سات شعبوں میں گولڈن گلوب اعزاز حاصل کیا۔ اس بھرپور کامیابی کی وجہ سے یہ کہا جا رہا ہے کہ اس برس کے آسکر ایوارڈز کے لیے بھی یہ فلم نہایت مضبوط امیدوار ہے۔ آسکر ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم اگلے ماہ منعقد ہو گی۔

فلمی دنیا کے معتبر ترین اعزازات میں شامل گولڈن گلوب کی چکاچوند روشنیوں سے منور اس بار کی تقریب کی خاص بات وہ سیاسی تقاریر بھی تھیں، جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بہ طور امریکی صدر منتخب ہونے پر خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

گولڈن گلوب ایوارڈزمیں میرل اسٹریپ کی ڈونالڈ ٹرمپ پر شدید تنقید

تقریب میں شریک فلمی شخصیات نے امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور پھر نسلی بنیادوں پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے موضوع پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ گولڈن گلوب کی تقریب میں اعزازات حاصل کرنے والے متعدد ستاروں نے کہا کہ ’برداشت اور یک جہتی‘ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سب سے زیادہ جذباتی تقریر اداکارہ میرل اسٹریپ کی تھی، جنہوں نے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ ہالی وڈ کی فلمی صنعت غیرملکیوں اور باہر سے آنے والے افراد کی وجہ سے مضبوط ہے۔ ٹرمپ کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا، ’’اگر آپ ان سب کو باہر نکال دیں گے، تو آپ کے پاس فٹ بال اور مارشل آرٹ دیکھنے کے علاوہ کچھ نہیں ہو گا اور یہ فن نہیں ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا، ’’تذلیل سے تذلیل جنم لیتی ہے اور تشدد تشدد کو پیدا کرتا ہے۔‘‘

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز