حج 2017 : وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں شب گزاری کے بعد عازمین حج خیموں کے شہر منی پہنچے

Sep 01, 2017 10:24 AM IST | Updated on: Sep 01, 2017 12:24 PM IST

مکہ مکرمہ۔ کل یعنی نو ذی الحجہ کو وقوف عرفہ کی ادائیگی اور پھر رات بھر مزدلفہ میں قیام کرنے کے بعد حجاج کرام آج فجر کی نماز کے بعد مزدلفہ سے واپس منی پہنچ رہے ہیں۔ میدان عرفات میں وقوف کے دوران عازمین حج نے مسلسل تکبیر وتہلیل میں وقت گزارا۔ وہ رو رو کر اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے اور اپنے اہل خانہ اور ملک کی خوشحالی کی دعائیں کرتے رہے۔ غروب آفتاب کے بعد سارے عازمین حج مزدلفہ روانہ ہو گئے۔ مزدلفہ پہنچنے کا یہ سلسلہ دیر رات تک جاری رہا۔

عازمین حج نے رات بھر مزدلفہ میں قیام کیا اور یہاں بھی وہ ذکر واذکار میں زیادہ تر وقت مصروف رہے۔ یہاں انہوں نے بڑے شیطان کو علامتی طور پر مارنے کے لئے کنکریاں چنیں۔ فجر کی نماز کے بعد اب وہ منی کی جانب گامزن ہوئے اور اب وہاں پہنچ چکے ہیں۔ مزدلفہ سے منی کا فیصلہ تقریباً نو کلومیٹر ہے۔ آج یعنی دس ذی الحجہ کو سنت ابراہیمی کے ساتھ عید قرباں منائی جارہی ہے۔ حجاج دوبارہ منی پہنچنے کے بعد پہلے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور قربانی کی رسم پوری ہو جانے کے بعد عازمین اپنے سروں کے بال منڈوا کر یا کتروا کر احرام کھول دیں گے اور عام کپڑوں میں مکہ معظمہ جائیں گے۔

حج 2017 : وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں شب گزاری کے بعد عازمین حج خیموں کے شہر منی پہنچے

file photo

یہاں وہ طواف افاضہ کریں گے جو کہ حج کے رکن میں سے ہے۔ اس کے بعد پھر وہ منی واپس آ جائیں گے۔ ان مناسک کے بعد بھی عازمین مزید دو یاتین راتیں منی میں ہی گزاریں گے۔

دریں اثنا،اب تک مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی خبر نہیں ملی ہے۔ اس موقع پر حکومت سعودی عرب نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ ہیلی کاپٹروں سے نگرانی کا عمل مسلسل جاری ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز