حج 2017 : رکن اعظم کی ادائیگی کیلئے عرفات پہنچ رہے ہیں عازمین ، شام میں مزدلفہ کیلئے ہوں گے روانہ

Aug 31, 2017 09:45 AM IST | Updated on: Aug 31, 2017 09:49 AM IST

مکہ مکرمہ : دنیا بھر سے آئے تقریبا 18  لاکھ عازمین حج کل دن بھر اور پھر رات منی میں گزارنے اور وہاں ذکر واذکار میں مصروف رہنے کے بعد آج جمعرات کو بعد نماز فجر لبیک اللھم لبیک کے ورد کے ساتھ حج کے  رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات  پہنچ رہے  ہیں  ۔

ایک لاکھ 70 ہزار ہندستانیوں سمیت دنیا بھر سے آئے تمام عازمین حج آج پورا دن میدان عرفات میں گزاریں گے اور مسجد نمرہ میں ہونے والی ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے ۔ عازمین یہاں میدان عرفات میں گڑگڑا کر بارگاہ الہی میں اپنے گناہوں کی بخشش طلب کریں گے۔ یہاں حج کا خطبہ بھی دیا جائے گا۔

حج 2017 : رکن اعظم کی ادائیگی کیلئے عرفات پہنچ رہے ہیں عازمین ، شام میں مزدلفہ کیلئے ہوں گے روانہ

فائل فوٹو

سورج غروب ہونے کے بعد تمام عازمین حج مغرب کی نماز پڑھے بغیر عرفات سے مزدلفہ کی طرف کوچ کریں گے اور مزدلفہ پہنچ کر وہاں مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ پڑھیں گے۔ مزدلفہ کی پہاڑیوں میں کھلے آسمان کے نیچے وہ رات گزاریں گے اور یہیں سے وہ کنکریاں اکٹھا کریں گے۔ کل صبح فجر کی نماز کے بعد عازمین کا یہ قافلہ واپس منی روانہ ہو جائے گا ، جہاں پہلے دن کی رمی جمرات ادا کی جائے گی ۔ یعنی بڑے شیطان کو علامتی طور پر کنکریاں ماری جائیں گی ۔ رمی جمرات کا یہ رکن اگلے دو دنوں تک مزید جاری رہے گا ۔  جمعہ کو بڑے شیطان کو کنکری مارنے کے بعد عازمین سر حلق کرائیں گے اور قربانی کریں گے۔ اس کے بعد احرام کھول دیں گے۔ پھر وہ خانہ کعبہ کا طواف اور صفا ومروہ کی سعی کریں گے۔

 

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز