قطر کا سعودی ائیر لائنز کی حج پروازوں کو دوحہ میں اُترنے کی اجازت دینے سے انکار

Aug 20, 2017 09:49 PM IST | Updated on: Aug 20, 2017 09:49 PM IST

ریاض : سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کے طیاروں کو قطر نے دوحہ کے شیخ حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ دوحہ سے قطری عازمین حج کو جدہ لانے کے لیے پروازیں شروع نہیں کرسکی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی ائیر لائنز کے ڈائریکٹر جنرل انجنئیر صالح الجسر نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری حکام نے اب تک سعودی طیاروں کو اپنی سرزمین پر اترنے کی اجازت نہیں دی ہے حالانکہ کئی روز قبل ان سے سعودی طیاروں کو دوحہ کے ہوائی اڈے پر قطری عازمین حج کو لانے کے لیے اترنے کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔

قطر کا سعودی ائیر لائنز کی حج پروازوں کو دوحہ میں اُترنے کی اجازت دینے سے انکار

واضح رہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گذشتہ ہفتے اس سال حج کے خواہاں قطریوں کو سعودی عرب میں آنے کی اجازت دینے کا فرمان جاری کیا تھا۔ قطری عازمین خادم الحرمین الشریفین کے ذاتی مہمان ہوں گے اور ان کے ٹرانسپورٹ کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔

انھوں نے قطری عازمین کو سعودی عرب لانے کے لیے ہدایات قطر کے حکمراں خاندان کی ایک شخصیت شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی کی مصالحتی کوششوں کے بعد جاری کی تھیں۔قطری عازمین اب دونوں ملکوں کے درمیان واقع سلویٰ کی سرحدی گذرگاہ سے سعودی عرب میں داخل ہورہے ہیں اور انھیں سرحدی علاقے سے بسوں اور پھر طیاروں کے ذریعے مدینہ منورہ اور جدہ منتقل کیا جارہا ہے۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز