وراٹ اور روہت کی طوفانی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو کراری شکست ، 2019 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ کی امیدیں بھی ٹوٹیں

Aug 31, 2017 10:55 PM IST | Updated on: Aug 31, 2017 10:59 PM IST

کولمبو : کپتان وراٹ کوہلی (131) اور اوپنر روہت شرما (104) کی شاندار سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں جمعرات کو 168 رنز سے شکست دے کرپانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔  ہندوستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنا کر سری لنکا ئی سر زمین پر ون ڈے اسکور کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ بنایا اور پھر سری لنکا کو 42.4 اوور میں 207 رنوں پر ڈھیر کر کے اس دورے میں اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ہندوستان کی یہ مسلسل ساتویں جیت ہے۔

سری لنکا کی اس شکست کے بعد 2019 ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائنگ کی امیدیں پوری طرح بکھر گئیں۔ سری لنکا کو سیدھے کوالیفائی  کرنے کے لئےاس سیریز میں کم از کم دو میچ جیتنا تھا لیکن میزبان ایسا کرنے میں بری طرح ناکام رہے۔  وراٹ اور روہت نے دوسری وکٹ کے لئے 219 رنوں کی بڑی شراکت داری کی اور ہندوستان کے اس ریکارڈ اسکور کے لئے بنیاد تیار کی۔ وراٹ نے اپنے فطری انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 96 گیندوں پر 131 رنوں میں 17 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

وراٹ اور روہت کی طوفانی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو کراری شکست ، 2019 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ کی امیدیں بھی ٹوٹیں

یہ وراٹ کی 29 ویں سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے سری لنکا کے عظیم بلے بازسنت جےسوریہ (28 سنچری)کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور سب سے زیادہ یک روز میچوں میں سنچری بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ۔ نائب کپتان روہت شر ما نے بھی 88 گیندوں میں 104 رنز بنائے جس میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

روہت نے اس سیریز میں لگاتار دو سنچریاں بنائی ہیں۔انہوں نے پچھلے میچ میں 124 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔یک روزہ میچوں میں روہت کی یہ 13ویں سنچری ہے۔ وراٹ اور روہت کی اس جاندار بلے بازی نے ہندوستان کو 375 رنوں کا بڑا اسکور دیا جو اس سرزمین پر ہندوستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے فروری 2009 میں کولمبو میں 363 رن بنائے تھے۔ہندوستان کے یک روزہ میچوں کی تاریخ میں یہ 11واں سب سے بڑا اسکور ہے۔

اپنا 300واں یک روزہ میچ کھیل رہے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 42 گیندوں میں چار چوکوں اورایک سکسر کی مدد سے 49 رنز بنائے، جبکہ منیش پانڈے نے 42 گیندوں میں 42 گیندوں میں 50 رنز بنائے۔ شکھر دھون چار، ہاردک پانڈیا 19 اور لوکیش راہل  سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز