قوانین میں تبدیلی ، عالمی باسکٹ بال مقابلوں میں حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت– News18 Urdu

قوانین میں تبدیلی ، عالمی باسکٹ بال مقابلوں میں حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت

باسکٹ بال کے کھیل کے قوانین میں تبدیلی کے بعد اب کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کے دوران بھی حجاب پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

May 04, 2017 07:38 PM IST | Updated on: May 04, 2017 07:38 PM IST

لندن : باسکٹ بال کے کھیل کے قوانین میں تبدیلی کے بعد اب کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کے دوران بھی حجاب پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سابقہ قوانین کے تحت خاتون کھلاڑی سر پر حجاب نہیں پہن سکتی تھیں کیونکہ اسے کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے لیے خطرناک قرار دیا گیا تھا۔ جمعرات کو باسکٹ بال کی عالمی فیڈریشن (فیبا) نے جن نئے قوانین کی توثیق کی ہے وہ یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گے۔

سال 2014 میں قطری خواتین کی باسکٹ بال ٹیم نے حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر ایشیائی کھیلوں میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ ستمبر 2014 میں فیبا نے حجاب کے حوالے سے اپنے قانون پر نظرِ ثانی کا عمل شروع کیا تھا اور پھر دو برس کے تجرباتی مرحلے کے دوران قومی سطح کے مقابلوں میں باحجاب کھلاڑیوں کو حصہ لینے کی اجازت ملی تھی۔

قوانین میں تبدیلی ، عالمی باسکٹ بال مقابلوں میں حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت

Photograph: AP

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بھی مذہبی بنیادوں پر میچوں کے دوران کھلاڑیوں کو حجاب پہننے کی اجازت دی تھی۔

Loading...

Loading...