سری لنکا میں ایسٹرسنڈے دہشت گردانہ حملوں کا اہم ملزم پیرس میں گرفتار– News18 Urdu

سری لنکا میں ایسٹرسنڈے دہشت گردانہ حملوں کا اہم ملزم پیرس میں گرفتار

سری لنکا میں ایسٹرسنڈے کے روز دہشت گردانہ حملوں کا اہم مبینہ ملزم پکڑا گیاہے۔ اہم مشتبہ ملزم کی عمر انتیس برس کے قریب بتائی جا رہی ہے جسے پیرس سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان میں این آئی اے کی کارروائی کے دوران ایک ملزم پکڑا گیا ہے۔

Jun 15, 2019 10:34 AM IST | Updated on: Jun 15, 2019 10:37 AM IST

سری لنکا میں ایسٹرسنڈے کے روز دہشت گردانہ حملوں کا اہم مبینہ ملزم پکڑا گیاہے۔ اہم مشتبہ ملزم کی عمر انتیس برس کے قریب بتائی جا رہی ہے جسے پیرس سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان میں این آئی اے کی کارروائی کے دوران ایک ملزم پکڑا گیا ہے۔ خبررساں ایجنسیوں کے مطابق یہ بات پیرس میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول کی جانب سے بتائی گئی۔ حکام کے مطابق انٹر پول کی جانب سے کی جانے والی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے اس سے تحقیقات میں بڑی مدد ملے گی۔ بین الاقوامی ادارہ انٹر پول اس کارروائی پر مبارکباد کا مستحق ہے۔

دوسری طرف برطانوی خبررساں ادارے نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکا میں ایسٹر سنڈے پر ہونے والے بم دھماکوں کا ایک مرکزی ملزم ہندوستان سے بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے شخص کا نام محمد اظہرالدین ہے جس کی عمر 32 سال کے قریب ہے۔

سری لنکا میں ایسٹرسنڈے دہشت گردانہ حملوں کا اہم ملزم پیرس میں گرفتار

میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاہے کہ محمد اظہر الدین ایسٹر سنڈے پر ہونے والے بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ ظہران ہاشم کا دوست ہے اور اس کا فیس بک پر دوست بھی تھا۔ داعش سے شبہ میں گرفتار ہونے والے شہری کوتامل ناڈو کے ضلع کومباتور سے گرفتار کیا گیا ہے۔سکیورٹی فورسز اور پولیس حکام کو خبر ملی تھی کہ اظہرالدین اوراس کے ساتھی ایک جگہ پر موجود ہیں جس پرحکام نے کارروائی کرکے محمد اظہرالدین کو گرفتارکر لیاہے۔ جبکہ دیگر پانچ لوگ بھی حراست میں لے لیے گئے ہیں جنہیں نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ حملے یکے بعد دیگرے کئی مقامات پر کیے گئے تھے اور ان کا نشانہ زیادہ ترمسیحی اقلیت کو بنایا گیا تھا۔ اکیس اپریل کو کیے گئے ان حملوں میں اڑھائی سو سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ سعودی حکومت نے انہی حملوں کے سلسلے میں پانچ ایسے مشتبہ افراد کو ملک بدر کر کے کولمبو حکومت کے حوالے کر دیا تھا، جنہیں چند روز پہلے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اہم ملزم ملک بدر کیے گئے انہیں پانچ افراد میں سے ایک بتایاگیا ہے

 

Loading...