ڈونالڈ ٹرمپ امیگریشن سے متعلق ایک "بالکل نئے حکم" پر غور کر رہے ہیں– News18 Urdu

ڈونالڈ ٹرمپ امیگریشن سے متعلق ایک "بالکل نئے حکم" پر غور کر رہے ہیں

واشنگٹن۔ سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں اور پناہ گزینوں پر امریکہ میں داخلے کی عارضی پابندی کا حکم عدالت کی طرف سے معطل کر دئیے جانے کے بعد اب صدر امریکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریگریشن سے متعلق ایک "بالکل نئے حکم" پر غور کر رہے ہیں۔

Feb 12, 2017 10:13 AM IST | Updated on: Feb 12, 2017 10:13 AM IST

واشنگٹن۔ سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں اور پناہ گزینوں پر امریکہ میں داخلے کی عارضی پابندی کا حکم عدالت کی طرف سے معطل کر دئیے جانے کے بعد اب صدر امریکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریگریشن سے متعلق ایک "بالکل نئے حکم" پر غور کر رہے ہیں۔ نئے حکم کے بارے میں انہوں نے جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے ہمراہ وائٹ ہاوس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے امریکی سکیورٹی کو مزید بڑھانے کے لیے نئے اقدام کا اعلان کریں گے۔ تاہم انہوں نے بہر حال نئے اقدام کے خدوخال کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

قبل ازیں انہوں نے صدراتی طیارے "ایئرفورس ون" پر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ نیا حکم نامہ پیر یا منگل تک جاری کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول یہ اقدام عدالت میں موجودہ حکم کا دفاع کرنے سے زیادہ جلدی کیا جا سکتا ہے۔ " ہمیں سکیورٹی کی وجہ سے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے"۔ واضح رہے کہ سان فرانسسکو کی کورٹ آف اپیلز نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفری پابندی سے متعلق حکم نامے کی معطلی کو برقرار رکھا تھا۔ اس بیچ یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ کورٹ آف اپیلز کے ایک جج نے عدالت کے 25 کُل وقتی ججز سے درخواست کی ہے کہ وہ صدر کے عارضی سفری پابندی کے حکم نامے کو 11 رکنی ججز پینل میں دوبارہ سنے جانے سے متعلق رائے شماری کریں۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق اس مقدمے کے فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے تک اس بارے میں دستاویز جمع کروائیں۔

ڈونالڈ ٹرمپ امیگریشن سے متعلق ایک

رائٹرز

Loading...

Loading...