بڑا الٹ پھیر ، چار مرتبہ کی عالمی چمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام

Nov 15, 2017 08:51 PM IST | Updated on: Nov 15, 2017 08:51 PM IST

میلان: چار مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی اٹلی کی فٹ بال ٹیم آئندہ سال فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔سوئیڈن نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ورلڈ کپ فائنل مقابلوں کیلئے کوالیفائی کر لیا۔اس طرح ساٹھ برسوں میں پہلی مرتبہ اٹلی آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوسرے پلے آف کیلئے اٹلی اور سوئیڈن کی ٹیمیں میدان میں اتریں تو پہلے پلے آف میں 1-0 سے فتح کی بدولت سوئیڈن کو برتری حاصل تھی۔کھیل کے ابتدائی 20 منٹ غیر معیاری کھیل کے بعد اٹلی نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی اور اسٹرائیکرز نے چند اچھی مووز بنا کر گول کے مواقع پیدا کئے لیکن سوئیڈن کے گول کیپر روبن اولسن نے سپر ڈالنے سے جیسے انکار کر دیا تھا۔ دوسری طرف خراب فنشنگ کے سبب بھی میزبان ٹیم گیند کو گول میں بدلنے میں ناکام رہی۔میچ کے آخری لمحات میں پینالٹی کی اپیلیں مسترد اور گول نہ ہونے کے سبب اٹلی نے انتہائی خراب کھیل کا مظاہرہ کرنا شروع کر دیا تھا ۔ اس طرح پوری ٹیم تتر بتر ہوتی نظر آئی۔

بڑا الٹ پھیر ، چار مرتبہ کی عالمی چمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام

آخری لمحوں مین شیدائیوں نے اٹلی کی ٹیم کا جوش و جذبہ بڑھانے کیلئے قومی ترانے کا بھی سہارا لینا شروع کردیا ، لیکن کوئی گن کام نہ آیا۔ جب ریفری نے سیٹی بجا کر میچ کے خاتمے کا اعلان کیا تو اسٹیڈیم میں موجود 74ہزار اطالوی فٹ بال شیدائیوں پرجیسے سکتہ طاری ہو گیا اور ورلڈ کپ سے اخراج پر افسردہ اطالوی کھلاڑی بھی گھٹنے کے بل زمین پر بیٹھ گئے۔اس سے پہلے بھی دو مرتبہ اٹلی ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکی تھی۔ 1930 کے فٹ بال ورلڈ کپ میں اس نے شرکت ہی نہیں کی تھی اور 1958 میں آخری مرتبہ وہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوئی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز