ٹرمپ کی دھمکی رائیگاں ، اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ کے خلاف قرارداد منظور

Dec 21, 2017 11:36 PM IST | Updated on: Dec 21, 2017 11:46 PM IST

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 193 ممبران ممالک نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکا کے متنازع فیصلے پر ووٹ ڈالے۔ ترکی اور یمن کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 128 ووٹ ڈالے گئے جب کہ 9 ممالک نے اس کی مخالفت کی اور 35 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس امریکی شہر نیویارک میں واقع ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس میں امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔قبل ازیں 18 دسمبر کو سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق متنازع امریکی فیصلہ مسترد کرنے کی درخواست امریکہ نے ویٹو کردی تھی۔

ٹرمپ کی دھمکی رائیگاں ، اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ کے خلاف قرارداد منظور

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کی مالی امداد روک لی جائے گی۔ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی فیصلے کی مخالفت کرنے والے ہم سے لاکھوں ڈالر اور یہاں تک کہ اربوں ڈالر لیتے ہیں اور اس کے بعد بھی ہمارے خلاف ووٹ دیتے ہیں، ہم اس ووٹنگ کو دیکھ رہے ہیں، اگر ہمارے خلاف ووٹ دیا گیا تو اس کی کوئی پروا نہیں ہم بہت سے پیسے بچا لیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر کے اس اعلان پر نہ صرف مسلم ممالک میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا بلکہ یورپی اور مغربی ممالک میں بھی اس فیصلے کے خلاف مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس ترکی میں ہوا جس میں امریکی صدر کے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی اور ڈونلڈ ٹرمپ سے فیصلہ فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز