امریکہ کی شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد ، کم جونگ اون نے ڈونالڈ ٹرمپ کو بتایا بددماغ اور ذہنی بیمار

Sep 22, 2017 01:03 PM IST | Updated on: Sep 22, 2017 01:03 PM IST

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ امریکی صدر کے اس حکم سے مایوس پیانگ یانگ کے رہنما کم جونگ اون نے ٹرمپ کو بددماغ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا نیوکلیائی اور میزائلی پروگرام جاری رہے گا اور وہ امریکہ کے خلاف دیگر اقدامات پر سنجیدگی سے غور و خوض کرے گا۔ مسٹر ٹرمپ نے منگل کے روز اقوام متحدہ میں اپنے پہلے خطاب کے دوران شمالی کوریا کو برباد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں راکٹ مین کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ کم کو معلوم نہیں کہ وہ خودکشی کی راہ پر چل رہے ہیں ۔ امریکی صدر نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہا کہ چین کے سینٹرل بینک نے دیگر چینی بینکوں کو پیانگ یانگ کے ساتھ کاروبار بند کرنے کے لئے کہا ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر نیوکلیائی تجربات کرنے پر نئی پابندیاں لگائی تھیں۔ سلامتی کونسل 2006 سے اب تک نو مرتبہ شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

امریکہ کی شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد ، کم جونگ اون نے ڈونالڈ ٹرمپ کو بتایا بددماغ اور ذہنی بیمار

شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کی فائل فوٹو: ایسوسی ایٹیڈ پریس

مسٹر ٹرمپ نے کہا انسانیت کے لئے سب سے خطرناک ہتھیار بنانے کے لئے شمالی کوریاکو جن ذرائعوں سے مالی امداد ملتی ہے اسے روکنے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ’’ شمالی کوریا نیوکلیائی ہتھیاروں اور میزائلی پروگراموں کو فنڈ دینے کے لئے طویل عرصہ تک بین الاقوامی اقتصادی نظام کا غلط استعمال کرتا رہا ہے۔یہ پابندیاں صرف ایک ملک پر لگائی گئی ہیں اور وہ ملک شمالی کوریا ہے‘‘۔

امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر لگائی گئی پابندیوں کے بعد امریکی محکمہ خزانہ کو ان کمپنیوں اور مالیاتی اداروں پر کارروائی کرنےکا حق حاصل ہوگیا ہے جن کےشمالی کوریا سے کاروباری تعلقات ہیں۔مالیاتی شعبے کے وزیر اسٹیون میوچن نے کہا کہ شمالی کوریامیں کاروبار کرنے والے بینکوں کو امریکہ میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قبل ازیں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے مسٹرٹرمپ کے خطاب کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ میں ٹرمپ نے ناشائستہ الفاظ کہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کتا بھونکتا ہے قافلہ چلتا ہے۔جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ نے کہا ہے کہ وہ اپنے نیوکلیائی پروگرام کے بارے میں صحیح راستے پر ہیں اور اس کی مخالفت کرنے والے کی ذہنی حالت درست نہیں ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ذہنی طور پر بے چین قرار دیا ہے۔ مسٹر کم نےٹرمپ کو غیر منظم بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اپنی دھمکی کے لئے سنگین نقصانات اٹھانے ہونگے۔ مسٹرکم نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کو مستحکم بتاتے ہوئے کہا ’’ہمارا نیوکلیائی پروگرام صحیح راستہ پر ہے۔مجھ سے لڑنے اور مجھے روکنے سے پہلے مجھ سے پوچھا جائے۔ میں نے جو راستہ منتخب کیا ہے وہ بالکل ٹھیک ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز