ملیشیا میں شاہ سلمان پر حوثی باغیوں کے قاتلانہ حملے کا منصوبہ ناکام

Mar 09, 2017 11:44 AM IST | Updated on: Mar 09, 2017 11:45 AM IST

کوالالمپور: ملیشیا پولیس کے دعوی کے مطابق اس نے گزشتہ ماہ کوالالمپور میں شاہ سلمان سمیت سعودی شاہی خاندان کے دیگر افراد پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔ملیشیا پولیس کا کہنا ہے کہ 26 فروری کے روز سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی کوالالمپور آمد سے قبل 7 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ، جن میں سے 4 یمنی باشندے ہیں اور ایک کا تعلق انڈونیشیا سے ہے جبکہ 2 افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ حکام کے مطابق اگرچہ یہ تمام گرفتاریاں 21 سے 26 فروری کے دوران عمل میں آئیں ، لیکن سیاسی وجوہات کی بنا پر ان کی خبر اب جاری کی گئی ہے۔

ملیشیا کے ایک سینئر پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے چاروں یمنی باشندے حوثی باغی ہیں جبکہ غیرسرکاری ذرائع کے مطابق ان کا تعلق داعش سے ہے البتہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دیگر 3 گرفتار شدگان کا تعلق بھی داعش سے ہے یا نہیں۔

ملیشیا میں شاہ سلمان پر حوثی باغیوں کے قاتلانہ حملے کا منصوبہ ناکام

ملائیشین پولیس کے سربراہ خالد ابوبکر نے صحافیوں کو اس بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ گروپ سعودی شاہی خاندان کی کوالالمپور آمد کے موقعے پر حملے کی تیاری کرچکا تھا لیکن اسے بروقت پکڑ کر یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ گرفتار کیے گئے یمنی باشندوں سے مختلف کرنسیوں میں 60 ہزار امریکی ڈالر کے مساوی رقم کے علاوہ مختلف ملکوں کے جعلی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، 25 شہزادوں کے ہمراہ گزشتہ ماہ سے ایشیائی ممالک کے طویل دورے پر ہیں جسے عالمی مبصرین بہت معنی خیز قرار دے رہے ہیں۔ اس دورے میں ملائیشیا کے علاوہ برونائی، جاپان، چین اور مالدیپ وغیرہ بھی شامل ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز