فرانس میں مسجد کے باہر لوگوں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش ناکام ، ڈرائیور گرفتار ، تفتیش شروع

Jun 30, 2017 01:58 PM IST | Updated on: Jun 30, 2017 01:58 PM IST

پیرس : فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے مسجد کے قریب لوگوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جسے حراست میں لینے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر 30 منٹ پر مضافاتی علاقے کریٹیل میں پیش آیا اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرس کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں واقع ایک مسجد کی حفاظت کے لئے لگائے گئے بیریئرز اور بل بورڈز کے ساتھ اس شخص نے گاڑی مسلسل ٹکرائی تھی، جس کے بعد اس نے گاڑی بھگائی تاہم اس کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔

فرانس میں مسجد کے باہر لوگوں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش ناکام ، ڈرائیور گرفتار ، تفتیش شروع

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی خبر کے مطابق اس واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص آرمینیائی نژاد باشندہ ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس میں شانزے لیزے اور پیٹکلان میں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔

خیال رہے کہ 20 اپریل کو شانزے لیزے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک فرانسیسی پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ نام نہاد دولت اسلامی داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس کے علاوہ 14 نومبر2015ء کو پیرس میں ایک تھیٹر میں جمع 1500 افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک اور 352 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز