Arjun Rampal talks about Kashmir beauty– News18 Urdu

پوری دنیا گھوم چکا ہوں، کشمیر جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی: ارجن رامپال

ارجن رامپال جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں، کا کہنا تھا 'میں بہت سالوں سے یہاں آنا چاہتا تھا۔ لیکن حالات اس طرح کے تھے کہ میں نہیں آپایا۔

Dec 12, 2018 05:56 PM IST | Updated on: Dec 12, 2018 05:57 PM IST

 بالی ووڈ کے مشہور اداکار ارجن رامپال کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر قدرت کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے جس کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری دنیا گھوم چکے ہیں لیکن وادی کشمیر جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی۔

ارجن رامپال جو ویب سیریز 'دی فائنل کال' کی شوٹنگ کے سلسلے میں وادی کشمیر آئے ہوئے تھے، نے بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہیں کشمیری روغن جوش انتہائی پسند آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ اتنی خوبصورت جگہ ہے کہ یہاں سے جانے کا من ہی نہیں کرتا۔'دی فائل کال' ویب سیریز پریہ کمار کی کتاب 'آئی ول گو وڈ یو' پر مبنی ہے۔

پوری دنیا گھوم چکا ہوں، کشمیر جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی: ارجن رامپال

بالی ووڈ کے مشہور اداکار ارجن رامپال

ارجن رامپال جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں، کا کہنا تھا 'میں بہت سالوں سے یہاں آنا چاہتا تھا۔ لیکن حالات اس طرح کے تھے کہ میں نہیں آپایا۔ میں ذی 5 پروڈکشن کی ویب سیریز دی فائنل کال کی شوٹنگ کے سلسلے میں یہاں آیا تھا'۔ انہوں نے کہا 'میں پہلی بار کشمیر آیا ہوں۔ میں پورا انڈیا گھوما ہوں۔ پوری دنیا دیکھ چکا ہوں، لیکن اتنی خوبصورت جگہ میں نے کہیں نہیں دیکھی ہے۔ کشمیر واقعی قدرت کا ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ ہمیں اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ اس کو پیار دینا چاہیے'۔

ارجن رامپال نے کشمیر میں شوٹنگ کے تجربے کے بارے میں کہا 'شوٹنگ کے سلسلے میں ہم پہلے پہلگام گئے۔ وہاں لگا کہ یہ جگہ واقعی جنت ہے۔ جب یہاں گلمرگ آئے تو ایک نئی جنت میں داخل ہوگئے۔ یہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ یہاں سے جانے کا من ہی نہیں کرتا' ۔ انہوں نے کہا 'فائنل کال میں میرا کردار ایک پائلٹ کا ہے۔ فلم میں اس پائلٹ کا ایک کشمیری بچے کے ساتھ اچھا رشتہ ہے۔ اس کی شوٹنگ یہاں ہوئی ہے'۔

Loading...

ارجن نے کہا کہ بالی وڈ کو اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے کشمیر ضرور آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا 'میں نے کشمیر خاص طور پر گلمرگ، پہلگام اور سری نگر کو تو فلموں میں ہی دیکھا تھا۔ جب راج کپور، شمی کپور اور امیتابھ جی یہاں آکر اپنی فلموں کی شوٹنگ کرتے تھے۔ اُس وقت تو کشمیر ایک پرامن جگہ تھی۔ بہت لوگ یہاں شوٹنگ کے لئے آتے تھے۔ یہاں کی قدرتی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔ اب اچھا انفراسٹرکچر بھی ہے۔ بالی ووڈ کو ضرور یہاں آنا چاہیے۔ حالات ٹھیک رہیں گے تو بہت لوگ یہاں آئیں گے'۔

Loading...