bollywood actor john abraham on kashmir beauty کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ، سیاح بے خوف ہوکر یہاں آئیں : جان ابراہم– News18 Urdu

کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ، سیاح بے خوف ہوکر یہاں آئیں : جان ابراہم

وادی کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان کرنا بے حد مشکل ہے اور یہاں آنے والے سیاح ہمیشہ کے لئے اس جگہ کے عشق میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

Aug 24, 2018 09:04 PM IST | Updated on: Aug 24, 2018 09:04 PM IST

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم نے ملکی اور غیرملکی سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیر کی غرض سے کشمیر آئیں۔ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری سے بھی کہا کہ وہ فلموں کی عکس بندی کے لئے کشمیر کا رخ کریں۔جان براہم نے کہا کہ وادی کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان کرنا بے حد مشکل ہے اور یہاں آنے والے سیاح ہمیشہ کے لئے اس جگہ کے عشق میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا فلم کی عکس بندی کے سلسلے میں کشمیر آنا ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا ہے۔

جان ابراہم جو اپنی آنے والی فلم ’را: رومیو اکبر والٹر‘ کی عکس بندی کے سلسلے میں دس روزہ دورے پر وادی کشمیر میں تھے، نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقات کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

کشمیر کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ، سیاح بے خوف ہوکر یہاں آئیں : جان ابراہم

جان ابراہم : فائل فوٹو

اس موقع پر فلم کا عملہ اور انتظامیہ کے متعدد عہدیدار بھی موجود تھے۔ فلم ’را: رومیو ، اکبر والٹر‘ کے مناظر گلمرگ اور سری نگر میں بھی فلمائے گئے۔ وادی کا دس روزہ دورہ سمیٹنے کے سلسلے میں ہوئی اس ملاقات کے دوران جان ابراہم نے نامہ نگاروں کو بتایا ’کشمیر کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں ہیں۔ ان کو یکطرف رکھا جانا چاہیے۔ میں ذاتی طور پر بھارتی فلم انڈسٹری اور سیاحوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ضرور کشمیر آئیں۔ اس جگہ کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ آپ یہاں آگئے تو آپ اس جگہ کے عشق میں ضرور گرفتار ہوجائیں گے۔ پلیز آپ یہاں ضرور آئیں‘۔

انہوں نے کہا ’ہم یہاں قیام کے دوران یہاں کی خوبصورتی سے انتہائی لطف اندوز ہوئے۔ یہ ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے۔ ہم نے گلمرگ اور سری نگر میں دس روز تک اپنی فلم کی شوٹنگ کی۔ یہ ہمارے لئے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا۔ قیام کے دوران ہمارا یہاں بہت ہی اچھا خیال رکھا گیا‘۔

Loading...

خورشید احمد گنائی نے جان ابراہم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ فلم کی شوٹنگ کے دوران یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوئے۔ ہم آپ کے شکر گذار ہیں کہ آپ یہاں آئے اور اپنی فلم کی شوٹنگ کی۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سے فلم انڈسٹری کے مزید لوگوں کو بھی کشمیر میں شوٹنگ کی ترغیب ملے گی‘۔

خیال رہے کہ روبی گریول کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’را: رومیو اکبر والٹر‘میں جان ابراہم مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کررہے ہیں۔ جان ابراہم نے 18 اگست کو مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ کشمیر دنیا کی سب سے خوبصورت جگہ ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کی طرح کشمیری بھی بہت اچھے لوگ ہیں۔ جان ابراہم نے کہا تھا کہ بھارتی فلم انڈسٹری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی فلموں میں کشمیر کی صورتحال کو مثبت انداز میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں کشمیر کی صورتحال سے بخوبی واقف ہوں اور جانتا ہوں کہ یہاں 1947 ء سے کیا ہورہا ہے۔

Loading...