سلمان خان ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کیلئے کشمیر میں، محبوبہ مفتی سے ملاقات کی– News18 Urdu

سلمان خان ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کیلئے کشمیر میں، محبوبہ مفتی سے ملاقات کی

سری نگر : بالی ووڈ اسٹار سلمان خان جو اپنی آنے والی فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں وادی کشمیر میں ہیں، نے یہاں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

Apr 25, 2018 01:11 PM IST | Updated on: Apr 25, 2018 01:11 PM IST

سری نگر : بالی ووڈ اسٹار سلمان خان جو اپنی آنے والی فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں وادی کشمیر میں ہیں، نے یہاں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ ان کے ہمراہ فلم کے پروڈیوسررمیش تورانی اور باڈی گارڈ شیرا بھی تھے۔ رمیش تورانی نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ ہم وزیر اعلیٰ میڈم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ریس تھری کے آخری مرحلے کی شوٹنگ کے لئے کشمیر میں ہمارا خیرمقدم کیا‘۔

ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے گذشتہ روز ’ریس تھری‘ کے عملے کے ساتھ سری نگر پہنچنے پر سب سے پہلے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ فلم کے عملے نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ایک گھنٹے تک بات چیت کی اور بعدازاں فلم کی آخری مرحلے کی شوٹنگ کے لئے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ گئے۔ سلمان خان اس سے قبل سپر ہٹ ثابت ہونے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں سونہ مرگ آئے تھے۔ تب وہ قریب دو ہفتوں تک سونہ مرگ میں خیمہ زن تھے۔ انہوں نے جنوبی کشمیر میں ’بجرنگی بھائی جان‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک غریب بیوہ کے خاندان کو اپنا لیا تھا۔ بتادیں کہ وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے گذشتہ برس کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو کشمیر کا برانڈ امبیسڈر بنانا چاہتی ہیں۔ 15 جون کو عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی ’ریس تھری‘ میں سلمان خان کے ساتھ انیل کپور، بابی دیول، جیکولین فرنینڈز، ڈیسی شاہ اور ثاقت سلیم بھی نظر آئیں گے۔

سلمان خان ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کیلئے کشمیر میں، محبوبہ مفتی سے ملاقات کی

Loading...

Loading...